'سیارا' فلم کا وہ سین جو لاکھوں دلوں کو چُھو گیا
فلم کا یہ جذباتی منظر لاکھوں لوگ بار بار دیکھ رہے ہیں
بالی ووڈ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی رومانوی فلم 'سیّارا' نے جہاں باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا ہے، وہیں انٹرنیٹ پر بھی ایک طوفان برپا کر رکھا ہے۔
میمز، ریلز اور ہر فلمی پلیٹ فورم پر صرف 'سیّارا' کا ذکر ہورہا ہے لیکن اس فلم کی ایک خاص بات جس نے لاکھوں مداحوں کے دل چھو لیے ہیں، وہ ہے فلم کا ایک یادگار اور جذباتی منظر جسے لاکھوں لوگ بار بار دیکھ رہے ہیں، شیئر کر رہے ہیں اور اس سین کو 'فلم کی جان' قرار دے رہے ہیں۔
اس مخصوص سین میں محبت اور اداسی کا حسین امتزاج (جوکہ ہدایتکار موہت سوری کی فلموں کی خاص پہچان ہے) میں اپنے عروج پر نظر آتا ہے۔
سین میں فلم کے ہیرو کرش کپور (جس کا کردار اہان پانڈے نے ادا کیا ہے) اپنے کیریئر کے عروج پر ایک اسٹیڈیم میں اکیلا کھڑا دکھائی دیتا ہے، جہاں اس کی میوزک ٹیم لندن میں اپنے پہلے انٹرنیشنل کنسرٹ کی تیاری کر رہی ہے۔
اس دوران بڑی سی اسکرین پر وائرل انٹرنیٹ کانٹینٹ چلایا جارہا ہوتا ہے، مگر کرش کا دھیان کہیں اور ہوتا ہے اور پھر اچانک کسی وائرل ریل کے ایک منظر پر اس کی نگاہیں ٹھہر جاتی ہیں۔
دراصل اسکرین پر اسکی محبت (وانی) کا چہرہ نمودار ہوتا ہے جسکی آنکھوں میں آنسو لیکن مخصوص چمک برقرار ہوتی ہے۔
وانی کو دیکھ کر کرش کی سانس رک جاتی ہیں، وہ فوراً اپنی ٹیکنیکل ٹیم کو کہتا ہے کہ 'زوم کرو' اور پھر وہ گھٹنوں کے بل نیچے بیٹھ کر رونے لگتا ہے۔
یہ لمحہ صرف ایک جذباتی دھچکا نہیں، بلکہ کرش کی زندگی کا فیصلہ کن موڑ ہے، وہ اپنا شو، شہرت، خواب، سب کچھ چھوڑ کر فوراً وہاں سے روانہ ہو جاتا ہے، اس امید پر کہ شاید وانی اسے پہچان لے اور اگر نہ بھی پہچانے، تو بھی کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ محبت جب خوف سے آزاد ہو جائے تو سب سے بڑی طاقت بن جاتی ہے۔
یہی مخصوص سین اب 'سیّارا' فلم کی پہچان بن چکا ہے، سوشل میڈیا پر لوگ اس سین سے اپنی جذباتی وابستگی کا بڑھ چڑھ کر اظہار کر رہے ہیں۔
بہت سے سوشل میڈیا صارفین کا یہ ماننا ہے کہ یہ منظر ان کی اپنی زندگی کے کسی تکلیف دہ لمحے کی یاد دلاتا ہے، کئی افراد نے لکھا کہ انہوں نے یہ سین دیکھتے ہوئے خود کو کرش کی جگہ پایا۔
اداکار اہان پنڈے، جو اس سے پہلے صرف ایک چاکلیٹی ہیرو کے طور پر جانے جاتے تھے، اس منظر میں ایک مکمل اداکار کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں، ان کا انداز لاکھوں فلم بینوں کے دلوں میں گھر کر گیا ہے۔




