ڈرامہ 'پرورش' میں فہد مصطفیٰ کی انٹری کی دھوم
مقبول ڈرامہ 'پرورش' اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے
مقبول پاکستانی ڈرامہ 'پرورش' میں سُپراسٹار اداکار فہد مصطفیٰ کی ممکنہ انٹری کی خبروں نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کا مقبول ڈرامہ 'پرورش' اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے، اور جیسے جیسے کہانی اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے، ویسے ویسے ناظرین کی دلچسپی میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
'پرورش' کو فہد مصطفیٰ کے پروڈکشن ہاؤس 'بگ بینگ انٹرٹینمنٹ' نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ کرن صدیقی نے اسے تحریر کیا اور میثم نقوی نے ہدایت کاری کے فرائض انجام دیے ہیں، یہ ڈرامہ ہر پیر اور منگل کی رات 8 بجے نشر کیا جاتا ہے۔
اس ڈرامے نے والدین اور نئی نسل (جنریشن زی) کے مابین تعلقات اور سوچ کے فرق پر ایک مثبت بحث چھیڑ دی ہے، جسے ناظرین خوب سراہ رہے ہیں۔
یہ ایک ایسا ڈرامہ ہے جو روایتی کہانیوں سے ہٹ کر نئی نسل کی زندگی، ان کے چیلنجز، اور ایک مشترکہ خاندانی نظام میں رہنے کے تجربات کو بیان کرتا ہے۔
ڈرامے کی خاص بات یہ ہے کہ اسے نہ تو غیر ضروری طوالت دی گئی ہے اور نہ ہی کہانی بورنگ ہوئی ہے۔
ڈرامے کی تازہ قسط نمبر 31 میں کئی اہم موڑ سامنے آئے، جن میں جہانگیر کی واپسی، ولی کی وائرل ہونے کی خواہش کی تکمیل اور باس کے کینسر کی تشخیص شامل ہیں۔
قسط 31 میں ایک اور دلچسپ اور خوشگوار لمحہ اس وقت سامنے آیا جب ڈرامے کے مرکزی کردار ولی جہانگیر کو اداکار فہد مصطفیٰ کی جانب سے ایک فون کال موصول ہوتی ہے۔
یہ منظر اس وقت مزید دلچسپ ہوجاتا ہے جب ولی سب کو لاپرواہی سے بتاتا ہے کہ 'کوئی فواد مصطفیٰ کال کر رہا ہے'، جوکہ بظاہر اسکی فہد مصطفیٰ سے لاعملی کا اظہار یا ماضی میں فہد مصطفیٰ اور فواد خان کے ناموں کے درمیان ہونے والی کنفیوژن کی طرف اشارہ تھا۔
اسی منظر میں ڈرامے کا ایک اور کردار 'سمیر' انتہائی خوشی کا اظہار کرتا ہے اور سمیر سے انکا تعارف کروانے کیلئے فہد مصطفیٰ کے مشہور شو 'جیتو پاکستان' کا حوالہ دیتے ہوئے 'ٹھک کی ٹکی، ٹھک کی ٹکی ٹھاہ' پر ڈانس بھی کرتا ہے جس دیکھ کر ٹی وی ناظرین خوب محظوظ ہوئے۔
یہ منظر ٹیلیویژن پر نشر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی، فینز اس ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کے ممکنہ کیمیو پر بےحد خوش ہیں اور ان کی باقاعدہ انٹری کا شدت سے انتظار بھی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ فہد مصطفیٰ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں ڈھکے چھپے الفاظ میں اعلان کیا تھا کہ وہ جلد ہی ایک ڈرامہ میں مختصر کردار نبھاتے نظر آئیں گے جسکا اسکرپٹ انہیں بےحد پسند آیا ہے۔
اب 'پرورش' میں ان کا ذکر اِس بات کی جانب اشارہ کر رہا ہے کہ وہ واقعی جلد ہی اسی ڈرامے کا حصہ بننے والے ہیں۔




