برطانوی سینما ہال کو بھارتیوں نے کچراکنڈی بنادیا، اسکریننگ معطل
ناخوشگوار واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے
بھارت میں گندگی اور کچرے کے ڈھیر کی شکایت دنیا بھر سے آنے والے سیاح کرتے ہیں، اب تازہ واقعے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بری عادت بھارتیوں کی طبیعت میں رچ بس گئی ہے۔
برطانیہ کے ایک سینما ہال میں کسی ہندی فلم کی اسکریننگ کے دوران پیش آنے والے ایسے ہی ایک ناخوشگوار واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی شائقین کی جانب سے پھیلائی گئی گندگی کی وجہ سے سینما کے عملے کو فلم کی اسکریننگ روکنی پڑگئی اور براہ راست انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
ویڈیو کے مطابق سینما ہال میں بیٹھے بھارتی فلم بینوں نے فلم کے دوران رنگین کاغذی ٹکڑے ہوا میں اڑا کر سینما ہال کو کچرے سے بھر دیا، جس پر صفائی کے عملے نے فلم کی اسکریننگ بیچ میں روک کر اُن سے بازپرس کی۔
تاہم بھارتی فلم بینوں نے نہ صرف اپنی غلطی تسلیم کرنے سے انکار کردیا بلکہ معافی مانگنے کے بجائے عملے کو ہی مورد الزام ٹھہراتے نظر آئے۔
ان میں سے ایک بھارتی شخص نے ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے کہا کہ ’اگر باہر کوئی سائن لگا ہوتا تو ہم ایسا نہ کرتے‘، جس پر عملے نے سخت لہجے میں جواب دیا کہ ’تو آپ کہہ رہے ہیں کہ آپ میں کامن سینس بھی نہیں ہے؟‘
عملے کے افراد ویڈیو میں خاصے ناراض دکھائی دے رہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ فلم ختم ہونے کے بعد صفائی کی ذمہ داری انہی پر آئے گی، جبکہ شائقین بغیر کوئی احساس ندامت ظاہر کیے واپس چلے جائیں گے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو کئی بار شیئر کیا جا چکا ہے اور عوام کی بڑی تعداد نے اس رویے پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'کم از کم انہیں معذرت کرنی چاہیے تھی اور صفائی میں مدد کی پیشکش کرنی چاہیے تھی، یہ زیادہ مہذب رویہ ہوتا'۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’ایسے بیوقوفوں کو عین موقع پر ذلیل کرنا چاہیے، یہ دوسروں کا مزہ بھی کرکرا کردیتے ہیں'۔
ایک تیسرے صارف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ 'ان میں سے کسی نے معافی نہیں مانگی، بلکہ آخر تک اپنے عمل کا جواز پیش کرتے رہے، یہ ان کی مغرور ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے'۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں منظر عام پر آیا ہے جب چند دن قبل ہی کینیڈا میں ایک بھارتی جوڑے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ سڑک کنارے کوڑا پھینکتے نظر آئے تھے۔
یہ ویڈیو بھی عالمی سطح پر شدید تنقید کا سبب بنی تھی اور بیرون ملک مقیم بھارتی شہریوں کے غیر ذمہ دارانہ رویے پر نئی بحث چھیڑ دی تھی۔




