ٹیکنالوجی

واٹس ایپ پر 'میٹا اے آئی' سے کال پر باتیں کرنا ممکن؟

نیا دلچسپ فیچر عام صارفین کیلئے جلد دستیاب ہوگا

Web Desk

واٹس ایپ پر 'میٹا اے آئی' سے کال پر باتیں کرنا ممکن؟

نیا دلچسپ فیچر عام صارفین کیلئے جلد دستیاب ہوگا

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

معروف میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر پر کام شروع کردیا ہے جو مصنوعی ذہانت (AI) سے رابطے کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنا دے گا۔

واٹس ایپ انتظامیہ اب ایک آڈیو چیٹ فیچر پر کام کر رہی ہے جو صارفین کو میٹا اے آئی سے براہِ راست کال کرکے آواز کے ذریعے بات کرنے کی سہولت فراہم کرے گا، جیسے فون پر کسی انسان سے بات کی جاتی ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ WaBetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کیلئے واٹس ایپ کے تازہ ترین بیٹا ورژن (v2.25.21.21) میں یہ نیا فیچر شامل کیا جارہا ہے جس کے ذریعے صارفین ٹائپنگ کے بجائے کال کرکے میٹا اے آئی سے بات چیت کر سکتے ہیں۔

یہ فیچر کیسے کام کرے گا؟

جب صارف 'چیٹس' ٹیب سے میٹا اے آئی کو کھولے گا، تو ایک چھوٹی سی 'ویو (wave)' آئیکن ظاہر ہوگی، جیسے ہی صارف اس آئیکن کو ٹیپ کرے گا، وہ ایک لائیو وائس سیشن کے ذریعے میٹا اے آئی سے منسلک ہو جائے گا۔

یہ گفتگو بالکل ایسے ہوگی جیسے کوئی انسان کسی سے فون پر بات کر رہا ہو، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ایپ کو بند کرکے نوٹس یا کروم براؤزر استعمال کرتے ہوئے بھی گفتگو جاری رکھی جا سکتی ہے۔

واٹس ایپ نے اس فیچر کو 'کالز' ٹیب کے ساتھ منسلک کیا ہے تاکہ صارف جیسے ہی میٹا اے آئی پر کلک کرے، کال پر گفتگو فوراً شروع ہو جائے، اس سے میسج ٹائپ کرنے میں وقت ضائع نہیں ہوتا اور فوری رسپانس ممکن ہوتا ہے۔

صارف کسی بھی وقت مائیکروفون بند کر سکتا ہے، گفتگو ختم کر سکتا ہے، یا واپس ٹیکسٹ چیٹ موڈ میں آ سکتا ہے۔

اس دوران اینڈرائیڈ فون میں موجود گرین پرائیویسی ڈاٹ بھی روشن ہو جائے گا، تاکہ صارف کو علم رہے کہ آواز ریکارڈ ہو رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آڈیو چیٹ فیچر میٹا اے آئی سے رابطے کو نہ صرف آسان بلکہ تیز تر اور فطری بنا دیتا ہے۔

یہ خصوصاً اُن لوگوں کے لیے مفید ہے جو وائس بیسڈ ٹیکنالوجیز کو ترجیح دیتے ہیں یا پہلے ہی گوگل اسسٹنٹ، سری یا ایمازون الیکسا جیسے سسٹمز استعمال کرتے ہیں۔

فی الحال یہ فیچر صرف چند بیٹا ٹیسٹرز کے لیے اینڈرائیڈ پر دستیاب ہے، تاہم واٹس ایپ نے تصدیق کی ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

اگر آپ نے واٹس ایپ کا تازہ ترین 'بیٹا ورژن' انسٹال کر لیا ہے، تو یہ فیچر آزما کر دیکھ سکتے ہیں۔