بالی ووڈ

'سیارا' رواں سال کی دوسری بڑی بلاک بسٹر فلم بن گئی

حال ہی میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ایک کے بعد ایک ریکارڈ اپنے نام کرتی جارہی ہے

Web Desk

'سیارا' رواں سال کی دوسری بڑی بلاک بسٹر فلم بن گئی

حال ہی میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ایک کے بعد ایک ریکارڈ اپنے نام کرتی جارہی ہے

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

عشق، محبت اور جنون کے متوالوں کو اپنے سحر میں مبتلا کرنے والی نئی بالی وڈ فلم ’سیارا’ ایک کے بعد ایک ریکارڈ اپنے نام کرتی جارہی ہے۔

معروف فلم ساز موہت سوری کی ہدایت کاری میں بننے والی رومانوی فلم ‘سیارا’ نے ریلیز کے صرف 9 دنوں میں شاندار بزنس کرتے ہوئے بھارت میں 217.25 کروڑ روپے کمالیے۔

فلم میں پہلی بار جلوہ گر ہونے والے آہان پنڈے اور انیت پڈا کی جوڑی نے ناظرین کے دل جیت لیے ہیں، باکس آفس پر اس غیر متوقع کامیابی نے فلمی پنڈتوں کو بھی حیران کر دیا ہے۔

فلم نے اپنی ریلیز کے دوسرے ہفتے میں ہفتے کے دن تقریباً 26.5 کروڑ روپے کا بزنس کیا، جوکہ محض ایک دن قبل جمعہ کو ہونے والی 18 کروڑ روپے کی کمائی کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد اضافہ ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی دوسرے ویک اینڈ کی کمائی، پہلے ویک اینڈ کی کمائی کے برابر رہی، جو یہ ظاہر کرتی ہے کہ فلم کا کریز مستقل برقرار ہے۔

‘سیارا’ نہ صرف بھارت میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی زبردست پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم نے ریلیز کے دوسرے ہفتے میں جمعہ کے روز دنیا بھر میں 30 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا اور اوورسیز مارکیٹ میں اپنا پہلا 'ملین ڈالر ڈے' بھی مکمل کیا، جو کہ نئے چہروں پر مبنی کسی بھی رومانوی فلم کے لیے ایک غیرمعمولی کارنامہ ہے۔

آٹھویں دن کے اختتام تک فلم کی عالمی کمائی 282 کروڑ روپے تک جا پہنچی، جس میں 229 کروڑ بھارت سے اور 53 کروڑ روپے بیرونِ ملک سے حاصل ہوئے۔

اس طرح ‘سیارا’ نے اکشے کمار کی ’ہاؤس فل 5‘ کو پیچھے چھوڑ کر سال 2025 کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، اس وقت صرف ’چھاوا‘ فلم اس سے آگے ہے، جس نے 601 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔

فلم ‘سیارا’ ایک حساس رومانوی کہانی ہے جو کرش کپور (آہان پانڈے) نامی ایک ابھرتے ہوئے موسیقار اور وانی بٹرا (انیت پڈا) نامی ایک شرمیلی رائٹر کے گرد گھومتی ہے۔

ان دونوں کی محبت، جذباتی اتار چڑھاؤ، قربانی اور جدائی کی داستان کو موہت سوری نے اپنی مخصوص انداز میں پیش کیا ہے۔

فلمی شائقین اور نقادوں کی جانب سے فلم کو خوب سراہا جا رہا ہے، شائقین کا کہنا ہے کہ آہان اور انیت کی کیمسٹری، فلم کی موسیقی اور کہانی کی جذباتی گہرائی نے فلم کو یادگار بنا دیا ہے۔

فلم اِس وقت بھارت سمیت بیرون ملک سینما گھروں میں کامیابی سے چل رہی ہے اور اگر یہی رفتار برقرار رہی تو فلم جلد ہی 300 کروڑ کے کلب میں بھی داخل ہو جائے گی۔