خواتین کیلئے مخصوص نئی ایپلی کیشن 'ٹی' میں منفرد کیا؟
خواتین صارفین میں تیزی سے مقبول نئی ایپلی کیشن پر مردوں کا داخلہ یکسر ممنوع ہے
خواتین کے لیے بنائی گئی ڈیٹنگ سیفٹی ایپ 'ٹی (Tea)' نے ایپ اسٹور کی لائف اسٹائل کیٹیگری میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے ایک ملین سے زائد ڈاؤن لوڈز کا سنگ میل عبور کرلیا۔
خواتین صارفین میں تیزی سے مقبول ہونے والی اس ایپ کو اس کے بولڈ اور منفرد تصور کی بنا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
اس ایپ میں خواتین اُن مردوں کی تصاویر دیگر خواتین کے ساتھ شیئر کر سکتی ہیں جن مردوں کو وہ ڈیٹ کررہی ہیں تاکہ اگر کوئی مرد انہیں دھوکہ دے رہا ہے اور بیک وقت کسی اور عورت کے ساتھ بھی ریلیشن شپ میں ہے تو اس کا پردہ فاش ہوسکے۔
علاوہ ازیں خواتین ان مردوں کی تصاویر شیئر کرکے دیگر خواتین صارفین سے ان مردوں کے بارے میں افواہوں یا 'ریڈ فلیگز' سے خبردار ہوسکتی ہیں۔
ایپ کے بانی شان کک (Sean Cook) نے یہ ایپ اُس وقت بنائی جب ان کی والدہ ایک آن لائن فراڈ کا شکار ہوئیں۔
ان کے مطابق 'ٹی' کا مقصد خواتین کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رکھنے کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں وہ خود مختار انداز میں کسی شخص کی اصل شناخت اور پس منظر جانچ سکیں۔
اس ایپلی کیشن میں باقاعدہ تصدیق کے بعد ہی خواتین کو اکاؤنٹ بنانے کی اجازت دی جاتی ہے جبکہ مردوں کو اس پلیٹ فارم پر آنے کی کسی صورت اجازت نہیں۔
ایپ کی نمایاں خصوصیات:
- ریورس امیج سرچ؛ تصویر کے ذریعے شناخت کی تصدیق
- فون نمبر اور عوامی ریکارڈز کی جانچ
- ٹی پارٹی گروپ چیٹ؛ ایک ایسا فورم جہاں خواتین گمنام انداز میں اپنے ایکس پارٹنرز کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرتی ہیں اور ریٹنگ بھی دیتی ہیں
- اے آئی موڈریشن اور اسکرین شاٹ پر پابندی؛ تاکہ غیراخلاقی اور نقصان دہ مواد کی نگرانی اور نجی معلومات کا تحفظ ہوسکے
- 'گرین فلیگ' فیچر؛ تاکہ انفرادی طور پر مردوں سے متعلق مثبت تجربات اجاگر کیے جاسکیں
اگرچہ اس ایپ کا مقصد خواتین کو ڈیٹنگ کے دوران زیادہ معلومات اور تحفظ دینا ہے، لیکن قانونی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس کا غلط استعمال بھی ممکن ہے۔
وکیل ولیم بارن ویل (William Barnwell) نے امریکی چینل Fox 2 کو بتایا کہ 'اگر آپ کسی کی تصویر اور دعوے بغیر اجازت پوسٹ کرتے ہیں تو یہ ہتکِ عزت (defamation) کے زمرے میں آ سکتا ہے'۔
سائبر سیکیورٹی ماہر جیک مور (Jake Moore) نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے کہ اس ایپ پر گمنام پوسٹنگ کے فیچر کا فائدہ اٹھا کر مردوں کیخلاف غیر تصدیق شدہ الزامات پھیلائے جا سکتے ہیں یا اُسے انتقام لینے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ 'ٹی' کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا اور ڈیجیٹل ڈیٹنگ کو محفوظ بنانا ہے، لیکن اس کے استعمال میں ضروری احتیاط برتنا ناگزیر ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ 'ٹی' ایک غیر روایتی پلیٹ فارم ہے جس نے خواتین کے تحفظ کے نام پر ڈیجیٹل دنیا میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
اس ایپلی کیشن کی کامیابی کا دار و مدار اس بات پر ہوگا کہ صارفین اسے کتنی ذمہ داری سے استعمال کرتے ہیں اور آیا یہ ایپلی کیشن اپنے اصولوں پر عمل درآمد برقرار رکھ پاتی ہے یا نہیں۔





