میں منٹو نہیں ہوں؛ سجل اور آصف رضا میر کی اداکاری کے چرچے
نئے ڈرامے نے آغاز کے ساتھ ہی ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا
'اے آر وائی ڈیجیٹل' پر حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ نے آغاز کے ساتھ ہی ناظرین کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔
یہ ڈرامہ نہ صرف شاندار اداکاری بلکہ متاثرکن کہانی کے باعث بھی لوگوں کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔
ڈرامے میں کئی پیچیدہ رشتوں کی جھلک دکھائی جا رہی ہے، مگر سب سے نمایاں رشتہ سجل علی (مہمل) اور ان کے والد کا کردار ادا کرنے والے سابق سسر آصف رضا میر (سراج امرتسری) کے درمیان دکھایا جانے والا باپ بیٹی کا تعلق ہے، جو سوشل میڈیا پر مداحوں کے دلوں کو چھو گیا ہے۔
حالیہ قسط میں مہمل اپنی ٹیچر کی سالگرہ کی پارٹی میں شرکت کی خواہش کا اظہار کرتی ہے، وہ بار بار اپنی ماں سے اجازت مانگتی ہے مگر ہر بار انکار ہوتا ہے، آخرکار وہ اپنی فیورٹ پھپھو (سرّیا) کی تجویز پر وہ اپنے والد سے اجازت مانگتی ہے۔
والد نہ صرف اسے اجازت دیتے ہیں بلکہ اس پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی کرتے ہیں، انہوں نے مہمل سے کہا کہ بیٹیاں باپ سے نہیں ڈرتیں، باپ ڈرتے ہیں بیٹیوں سے'۔
یہ جذباتی منظر ڈرامہ ناظرین کے دلوں کو چھو گیا، سوشل میڈیا پر صارفین نے اس سین کو خوب سراہا اور دونوں اداکاروں کی اداکاری کی تعریف کی۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'یہ باپ بیٹی کا سین بہت عمدگی سے پیش کیا گیا ہے' جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ 'سجل علی اور آصف رضا میر نے اس سین میں جن جذبات کی منظرکشی کی، وہ لاجواب تھے'۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ 'آصف رضا میر کا کردار ایک سخت گیر ڈان کا ہے، لیکن بیٹی کے لیے ان کا پیار بے مثال ہے'۔
واضح رہے کہ سجل علی کے سابق شوہر احد رضا میر کے والد ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں’ میں سجل علی کے والد کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
سجل علی اور احد 14رضا میر مارچ 2020کو ابو ظہبی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور اس جوڑے کو عوام کی جانب سے بے انتہا محبت بھی ملی۔
تاہم 22 جنوری 2022کو سجل علی کی بہن صبور علی کی شادی پر احد رضا میر اور انکے پورے گھرانے کی غیر موجودگی نے جوڑے کے درمیان علیحدگی کی خبروں کو ہوا دے دی تھی۔
حالانکہ دونوں ہی کی جانب سے ان خبروں پر خاموشی طاری رہی لیکن آگ جہاں لگے دھواں بھی وہیں سے اٹھتا ہے، سجل اور احد کا علیحدگی پر خاموش رہنے کے باوجود ایک دوسرے کو ان فالو کرنے کے بعد اپنے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک دوسرے کے ہمراہ تصاویر ہٹا دینا بھی بڑی کہانی کی جانب اشارہ دینے لگا۔
اور پھر وہی ہوا جسکا ڈر تھا، یہ جوڑا خاموشی سے علیحدہ ہوگیا ، ہاں البتہ راہیں جدا کرنے کے بعد سجل اور احد کو کئی مواقعوں پر ایک ساتھ دیکھا گیا لیکن یہ ساتھ صرف وقتی طور کا تھا اور اب یہ دونوں فنکار اپنی اپنی زندگی میں موو آن کرچکے ہیں۔





