سنیل شیٹی کیلئے فلم ’بارڈر’کی شوٹنگ کا تجربہ کیسا رہا؟
اداکار نے فلم ’بارڈر’ کو اہم ترین فلم قرار دے دیا
بالی وڈ اداکار سنیل شیٹی نے ماضی کی سپر ہٹ فلم ’بارڈر’ کے گانے ’سہاگ رات’ کی شوٹنگ کا تجربہ بیان کرتے ہوئے اس فلم کو اپنے کرئیر کی اہم ترین فلم قرار دے دیا۔
سنیل شیٹی نے اپنے کریئر میں کئی کامیاب فلمیں دی ہیں، جن میں ’دھڑکن‘، ’بلوان‘، ’مہرا‘ اور دیگر شامل ہیں۔ان کی جے پی دتہ کی فلم ’بارڈر ‘میں ادا کی گئی بھیرو سنگھ کی کردار نگاری کو بھی شائقین نے خوب سراہا۔
اور اسی فلم سے متعلق حالیہ انٹرویو میں بات کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ یہ اس فلم کا ایک گانا ان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ اسے کبھی نہیں بھول سکتے۔
پنک ولا کے ساتھ ایک خصوصی پوڈکاسٹ میں سنیل شیٹی نے انکشاف کیا کہ انہیں فلم ’بارڈر’ کے گانے ’سہاگ رات’ کی شوٹنگ سے پہلے خوف محسوس ہو رہا تھا۔
سنیل شیٹی بتاتے ہیں کہ،’ اس گانے کا نام ‘سہاگ رات’ سن کر ہی مجھے ٹینشن ہو جاتی تھی کہ کیسے شوٹ کریں گے؟ کیا کریں گے؟ لیکن جب جے پی جی (جے پی دتہ) نے مجھے یہ گانا سنایا تو مجھے فوراً سمجھ آگیا کہ صرف ایک ہی آدمی ہے جو یہ گانا اس خوبصورتی سے شوٹ کر سکتا ہے، اور وہ خود جے پی جی ہیں۔’
ساتھ ہی سنیل نے اس فلم کے ایک منظر پر بھی بات کی جس کی شوٹنگ کے دوران سب بے حد پریشان تھے۔
وہ بتاتے ہیں کہ،’فلم میں ایک سین ایسا بھی تھا جب فوجی جنگ پر جانے سے پہلے اپنی بیوی کو چھوڑتا ہے تو اس لمحے کو کیسے دکھایا جائے؟ حالانکہ اس سین کو لے کر خود جے پی جی بھی کنفیوژ تھے اور ہم سب ہی سوچ بچار کر رہے تھے کہ اسی دوران ایک طیارہ ہمارے اوپر سے گزرا، اس طیارے کو دیکھنے کیلئے جے پی جی نے آسمان کی طرف دیکھا اور کہا، ‘بس، یہی ہے۔’
سنیل نے بتایا کہ پھر جب میں اس کردار میں خود کو ڈھالتا ہوں تو اوپر دیکھتا ہوں تو یاد دلاتا ہے کہ جنگ جاری ہے ملک سب سے پہلے ہے۔ پھر آواز آتی ہے، ‘کمپنی مارچ’۔ تو بیوی پیچھے رہ گئی، اور سپاہی تیار ہو گئے کہ اب ہمیں جنگ کے لیے جانا ہے۔ اور وہ پیچھے مڑے بغیر آگے بڑھتے ہیں، اور میدانِ جنگ میں چلے جاتے ہیں۔’
سنیل شیٹی نے اس منظر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ شوٹ وہ کبھی نہیں بھول سکتے۔
سنیل بتاتے ہیں جب وہ یہ مناظر شوٹ کررہے تھے تو اس رات ان کی بیٹی آتھیا شیٹی کو بخار تھا، جس کی وجہ سے وہ بےحد پریشان تھے۔’
اداکار کے بقول اس وقت میری بیٹی کی عمر صرف تین سال تھی اور وہ شدید بخار میں جل رہی تھی، اور اسی کی فکر میں مجھے شوٹنگ کے دوران بار بار فون کرنا پڑتا تھا کہ وہ پہنچ گئی ہے یا نہیں۔’
اداکار کے بقول،’ اس وقت اسے ممبئی جانا تھا، لیکن شدید طوفان کے باعث وہ دہلی چلی گئی،میں وہ رات کبھی نہیں بھولوں گا۔ جب تک آتھیا ڈاکٹر کے پاس پہنچی اور مانا (مانا شیٹی) نے کہا کہ سب ٹھیک ہے، تب تک میں، جے پی جی، سب بہت پریشان تھے۔"
فلم بارڈر کے بارے میں
1997 میں ریلیز ہونے والی یہ جنگی فلم جے پی دتہ نے خود لکھی، پروڈیوس اور ڈائریکٹ کی۔
یہ فلم 1971 کی پاک بھارت جنگ پر مبنی ہے اور لونگے والا پوسٹ کی لڑائی کو پیش کرتی ہے۔
فلم میں سنی دیول، جیکی شروف، اکشے کھنہ، سدیش بیری نے مرکزی کردار نبھائے جبکہ کلبھو شن کھربندا، تبو، راکھی، پوجا بھٹ اور شربانی مکھرجی معاون اداکاروں میں شامل تھے۔
’بارڈر‘ نے ریلیز کے بعد آل ٹائم بلاک بسٹر کا درجہ حاصل کیا، اب بارڈر 2 بن رہی ہے، جس میں سنی دیول، ورون دھون، دلجیت دوسانجھ اور اہان شیٹھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔
تاہم خبروں کے مطابق دلجیت نے فلم سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے،فلم انوراگ سنگھ کی ہدایت کاری میں بن رہی ہے اور اسے بھو شن کمار، جے پی دتہ اور ندھی دتہ پروڈیوس کر رہے ہیں۔ فلم 23 جنوری 2026 کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔




