منسا ملک کی علیزے کو جان سے مارنے کی دھمکی؟
اگر مجھے کچھ ہوا تو اسکی ذمہ دار منسا ملک ہونگی
پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی اداکارہ منسا ملک اور علیزے شاہ کے ماضی کے تنازعات اب نہ صرف لفظی جنگ اختیار کرچکے ہیں بلکہ اب نوبت شاید جان سے مار دینے پر بھی آگئی ہے۔
ان دنوں علیزے شاہ شوبز شخصیات کے ناورا سلوک بے نقاب کرنے میں مصروف ہیں اور وقتاً فوقتاً سنسنی خیز بیانات اور ثبوت بھی سامنے لارہی ہیں، ایک جانب علیزے کے جہاں گلوکارہ شازیہ منظور اور جگن کاظم سے اختلافات ہیں تو ساتھ ساتھ منسا ملک کیساتھ ماضی کے جھگڑے کی کتاب بھی کھلتی ہی جارہی ہے۔
یہ سب اس وقت شروع ہوا جب ماضی میں علیزے شاہ اور منسا ملک کے درمیان ایک ڈرامہ کے سیٹ پر جھگڑا ہوا تھا، اطلاعات کے مطابق شوٹنگ کے دوران منسا ملک نے علیزے کو دھکا دیا اور تھپڑ مارا، جس پر علیزے نے اپنی چپل پھینک کر جواب دیا، اس واقعے کی تصدیق اداکار سمیع خان نے بھی کی تھی۔
بس پھر کیا تھا علیزے اور منسا نے ایک دوسرے سے دوری اختیار کرتے ہوئے صرف سوشل میڈیا کو اپنا ہتھیار بنالیا۔
اب اس جھگڑے کو مزید طول دیتے ہوئے علیزے شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ منسا ملک نہ صرف انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہی ہیں انہیں انجان نمبرز سے متعدد کالز بھی موصول ہورہی ہیں جن میں دھمکی آمیز پیغامات شامل ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر علیزے شاہ نے اسٹوری اپڈیٹ کی جس میں انہوں نے اپنے فینز کو منسا ملک کے رویے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ،‘وہ مجھے انجان نمبروں سے کال کر رہی ہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہی ہے، اگر مجھے کچھ ہوا تو جان لو یہ اسی کا کام ہوگا’۔
اپنے پیغام میں علیزے شاہ نے مزید لکھا کہ،‘ 3 سال پہلے بھی اسی عورت نے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی تھی، میں نے آج تک جو کمایا وہ عزت اور حلال طریقے سے کمایا، مگر جو حرام کھاتے ہیں، انہیں نہ خدا کا خوف ہوتا ہے نہ انجام کا۔’
علیزے شاہ نے انجان نمبرز سے موصول ہونے والی کال اور میسجز کے اسکرین شارٹ بھی شیئر کیے اور یہ دعویٰ کیا کہ،‘منسا ملک نے دبئی میں موجود ایک شخص کو انکا نمبر دیا جس نے رابطہ کر کے ناقابلِ قبول پیشکش کی۔’
دوسری جانب گلوکارہ شازیہ منظور نے علیزے شاہ کے رویے پر تنقیدی تبصرہ کرتے ہوئے ایک پوسٹ کی جس میں لکھا تھا کہ کم ترین علم وہ ہے جو زبان پر رہے اور بلند ترین علم وہ ہے جو کردار سے ظاہر ہو۔
جس پر علیزے شاہ نے جواب دیا کہ پوری دنیا کے سامنے ہراساں کر کے آنٹی کردار کی بات کر رہی ہیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ علیزے اور منسا کی جانب سے جاری یہ لفظی جنگ کی کہانی کس کروٹ بیٹھے گی۔
جبکہ صارفین بھی دونوں ہی اداکاراؤں کے دعوؤں اور ہر ایک پیغام پر عقاب جیسی نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔


