انفوٹینمنٹ

'سیارا' کے گلوکار فہیم عبداللہ پر قسمت مہربان ہوگئی

فہیم عبداللہ کا گایا گیا یہ ٹائٹل سانگ اِس وقت دنیا بھر میں دھوم مچا رہا ہے

Web Desk

'سیارا' کے گلوکار فہیم عبداللہ پر قسمت مہربان ہوگئی

فہیم عبداللہ کا گایا گیا یہ ٹائٹل سانگ اِس وقت دنیا بھر میں دھوم مچا رہا ہے

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بھارت کے سب سے بڑے میوزک لیبل 'ٹی سیریز' نے کشمیری گلوکار، کمپوزر اور سانگ رائٹر فہیم عبداللہ کے ساتھ شراکت کا اعلان کر دیا، جو حال ہی میں اپنے ہِٹ گانے 'سیارا' کی بدولت شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔

موہت سوری کی فلم کا یہ ٹائٹل سانگ اس وقت دنیا بھر میں دھوم مچا رہا ہے اور Spotify Global 50 چارٹ میں پہلے نمبر پر آ کر تاریخ رقم کر چکا ہے۔

اس نئے اشتراک کے تحت ٹی سیریز اور فہیم عبداللہ کئی آنے والے پروجیکٹس پر مل کر کام کریں گے، جن میں فلمی گانے، سنگلز، البمز اور ای پی شامل ہیں۔

اس شراکت داری کا مقصد فہیم کی آواز کو عالمی سطح پر پہنچانا اور ان کے فن کو مزید بلند مقام پر لے جانا ہے۔

فہیم عبداللہ کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے، اور وہ اپنی موسیقی میں اپنی سرزمین کی خوشبو اور جذبات شامل کرتے ہیں۔

وہ نہ صرف خود کامیابی کی جانب گامزن ہیں بلکہ کشمیری فنکاروں کو بھی پلیٹ فارم فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔

ٹی سیریز کے ساتھ فہیم عبداللہ کا پہلا گانا ’بچھڑنا' آئندہ ماہ 4 اگست کو ریلیز ہوگا۔

فہیم نے یہ اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا اور کیپشن میں لکھا 'بچھڑنا وہ درد ہے جو کبھی زبان پر نہ آ سکا، وہ الوداع جو گلے میں اٹک گیا، جہاں آنکھوں کے آنسو الفاظ سے زیادہ بول گئے'۔

ٹی سیریز کے منیجنگ ڈائریکٹر بھوشن کمار نے فہیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'فہیم کی موسیقی میں جو خلوص ہے، وہ بے مثال ہے، ان کی آواز میں ایک الگ انفرادیت ہے جو آج کے دور میں بہت کم ملتی ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'فہیم کے گانوں سے لاکھوں مداح دل کی گہرائی سے جُڑ رہے ہیں، اور ہمیں یقین ہے کہ یہ اشتراک موسیقی کی دنیا میں ایک نیا، روحانی رنگ بھر دے گی'۔

فہیم عبداللہ نے ٹی سیریز کے ساتھ کام کرنے کو اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیا اور کہا کہ 'میں نے ہمیشہ ٹی سیریز کو موسیقی کا عروج سمجھا ہے، اب بھوشن سر کے ساتھ مل کر مستقبل کے کئی پروجیکٹس پر کام کرنا میرے لیے باعثِ فخر اور ایک نیا سنہرا باب ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ اشتراک نہ صرف میرے فنکارانہ سفر کے لیے نئے دروازے کھولے گی بلکہ میرے علاقے کے دیگر باصلاحیت فنکاروں کو بھی عالمی سطح پر پہنچنے کا موقع فراہم کرے گی'۔