ونیت کمار سنگھ کیلئے والد بننے کا تجربہ کیسا رہا؟
زندگی کے اس نئے مرحلے میں خود کو پھر سے نووارد محسوس کر رہا ہوں
بھارتی اداکار اور لکھاری ونیت کمار سنگھ نے والد بننے کے تجربے پر بات کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ زندگی کے اس نئے مرحلے میں خود کو پھر سے نووارد محسوس کر رہا ہوں۔
اداکار ونیت کمار نے رواں ماہ 24 جولائی کو اپنے بیٹے کا استقبال کرتے ہوئے اس نئے سفر کو جذباتی اور پُرتجربہ قرار دیا ہے۔
حال ہی میں ونیت نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنے ہاں پیدا ہونے والے ننھے مہمان کی خوشخبری سنائی تھی۔
پوسٹ میں اداکار نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا تھا کہ،‘خدا کی مہربانی بے حساب ہے، دنیا ہوشیار ہو جائے، سب سے چھوٹے "سنگھ" کی آمد ہو گئی ہے’۔
اس اعلان کے بعد اداکار کو شوبز شخصیات اور لاکھوں فینز کی جانب سے ڈھیروں مبارکباد بھی موصول ہوئیں۔
اور اب جبکہ بیٹے کی آمد کے بعد ونیت والد بننے کے سفر کا آغاز کرچکے ہیں وہیں انکا کہنا ہے کہ وہ خود کو پھر سے نووارد محسوس کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا سے خصوصی گفتگو کے دوران اداکار کا کہنا تھا کہ،‘میں خود کو ایک بار پھر نئے سفر پر گامزن محسوس کر رہا ہوں، جیسے کہ پہلی بار کچھ سیکھنے جا رہا ہوں۔ یہ باپ بننے کا تجربہ نہ صرف جذباتی ہے بلکہ بہت سی نئی ذمہ داریوں اور چیلنجز سے بھرپور بھی ہے۔’
اس جذباتی گفتگو میں اداکار کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ،’سچ کہوں تو یہ زندگی کا ایسا مرحلہ ہے جہاں میں بس اتنا کہہ سکتا ہوں کہ میرے پاس اس احساس کو بیان کرنے کیلئےالفاظ نہیں ہیں۔’
ونیت جو خود بھی ڈاکٹر ہیں، کہتے ہیں کہ انہیں باپ بننے کے لیے زیادہ کتابیں پڑھنے کی ضرورت نہیں پڑی۔لیکن ایک ماں کے جسم میں بے شمار ہارمونل تبدیلیاں آتی ہیں۔ پھر پوسٹ پارٹم کا مرحلہ بھی ہوتا ہے۔ ان سب باتوں کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے، انہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔’
اداکار کے مطابق،’ لوگ سمجھتے ہیں کہ ڈلیوری ہو گئی تو سب ٹھیک ہو گیا، لیکن نہیں، یہ تو صرف پہلا قدم تھا، اصل سفر تو اب شروع ہوا ہے۔ ہم تین دن سے سو نہیں پائے’۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں مزید یہ بھی بتایا کہ،’ان کے بیٹے کی پیدائش کی کہانی بھی کسی فلمی منظرنامے سے کم نہیںکیونکہ جب ان کے نئے شو ’رنگین’ کی زور و شور سے پروموشن جاری تھی تو عین اسی وقت ان کی اہلیہ کو اسپتال لے جانا پڑا۔
وہ بتاتے ہیں، امرجنسی میں اہلیہ کو اسپتال منتقل کیا اور میں پھر پہلی اسکریننگ کے لیے بھاگا، مہمانوں سے ملا، اور ان کے بیٹھنے کے بعد فوراً نکل گیا۔ میں نے ٹیم کو کہا تھا کہ مجھے اسکریننگ ختم ہونے سے 20 منٹ پہلے بتا دینا۔’
ونیت کے مطابق،’ یہ سلسلہ چلتا رہا، اور رات 12 بجے میں نے اہلیہ سے کہا کہ میں ایک گھنٹے میں واپس آتا ہوں، بس گھر جا کر میک اپ ہٹانا ہے اور کپڑے بدلنے ہیں۔ اور 24 جولائی کو ہمارا بیٹا دنیا میں آ گیا’۔
واضح رہے کہ اس جوڑے نے بیٹے کے لیے نام کا انتخاب بھی کرلیا ہے جسکے اعلان کرنے کیلئے مناسب وقت کا انتظار ہے۔



