اینیمل سے رامائن تک، رنبیر کپور کی حیران کن ٹرانسفارمیشن
فلم میں رنبیر کپور 'بھگوان رام' کے کردار میں نظر آئیں گے
بالی وڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم 'اینیمل' کے بعد آنے والی فلم 'رامائن' کیلئے شاندار ٹرانسفارمیشن کی تفصیلات نے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
مشہور بھارتی اداکارہ اندرا کرشن، جنہوں نے سپر ہٹ فلم ’اینیمل'میں رنبیر کپور کی ساس کا کردار ادا کیا تھا، اب ایک بار پھر ان کے ساتھ فلم ’رامائن‘ میں جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں۔
نیتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی اس میگا پروجیکٹ میں اندرا کرشن بھگوان رام کی ماں 'کوشلیا' کا کردار نبھا رہی ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اندرا نے انکشاف کیا کہ 'اینیمل' سے ’رامائن‘ تک رنبیر کپور کی اداکاری میں جو تبدیلی آئی ہے، وہ حیرت انگیز ہے۔
'بالی وڈ ببل' سے بات کرتے ہوئے اندرا کرشن نے رنبیر کپور کی سخت محنت اور بھرپور تیاری کا احوال بیان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اس لڑکے نے صرف جسمانی تبدیلی نہیں کی بلکہ آنکھوں سے جس طرح بات کرتا ہے، وہ حیرت انگیز ہے، چونکہ بھگوان رام تیر کمان اٹھاتے تھے، اس لیے ان کا کردار نبھانے کیلئے کندھوں کا مضبوط دکھنا ضروری تھا، رنبیر نے اپنے کندھوں اور جسم پر خاص محنت کی، وہ روزانہ 3 سے 4 گھنٹے ورک آؤٹ کرتا تھا اور صبح 7 بجے سیٹ پر آ جاتا تھا، شوٹنگ کے بعد بھی وہ مجھے بتاتا کہ کس طرح کی مشقیں کرتا ہے تاکہ کردار میں حقیقت کا رنگ بھر سکے، یہ اس کی 200 فیصد لگن تھی'۔
اندرا کرشن نے مزید کہا کہ 'اینیمل' کے پُرتشدد اور جارح کردار کے بعد 'رامائن' میں بالکل مختلف کردار نبھانے کیلئے رنبیر نے اپنی شخصیت مکمل طور پر تبدیل کر ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ 'جب میں نے پہلی بار اسے بھگوان رام کے روپ میں ایک سین میں دیکھا، تو میں حیران رہ گئی، جس وقار، سنجیدگی اور سکون سے وہ بیٹھا تھا، اس کی آنکھوں میں جو ٹھہراؤ تھا، وہ واقعی رام کا روپ تھا۔'
اُن کا کہنا تھا کہ 'اُس نے مکمل طور پر خود کو رام کے روپ میں ڈھال لیا تھا، حتیٰ کہ شوٹنگ کے دوران جب وہ کسی سے بات کررہا ہوتا تھا تب بھی کرادر میں ڈوبا رہتا، میں اس سب کی چشم دید گواہ ہوں'۔
فلم ’رامائن‘ کے بارے میں
'رامائن' ایک منفرد اور وژنری فلم ہے جسے نیتیش تیواری ڈائریکٹ کر رہے ہیں اور نمیت ملہوترا پروڈیوس کر رہے ہیں۔
فلم میں رنبیر کپور 'بھگوان رام' کے کردار میں نظر آئیں گے، جب کہ سائی پَلّوی 'سیتا' کا کردار ادا کریں گی، اداکار سنی دیول 'ہنومان' اور کنڑ سُپر اسٹار یش 'راون' کے روپ میں جلوہ گر ہوں گے۔
یہ فلم دو حصوں پر مشتمل ہے، پہلا حصہ دیوالی 2026 پر ریلیز ہوگا جب کہ دوسرا حصہ دیوالی 2027 پر سینما گھروں کی زینت بنے گا۔
امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ بھاری بجٹ، شاندار کاسٹ اور جدید سینماٹوگرافی کے ساتھ یہ فلم بھارتی سینما کی تاریخ کا سنگ میل ثابت ہوگی۔




