سنجے کپور کی اہلیہ پریا کی انسٹاگرام میں بڑی تبدیلی
یہ تبدیلی وراثتی تنازع کے دوران سامنے آئی
کرشمہ کپور کے سابق شوہر سنجے کپور کی اہلیہ پریا سچدیو نے وراثتی تنازع کے دوران انسٹاگرام میں بڑی تبدیلی کردی۔
حال ہی میں پریا کپور کی انسٹاگرام پروفائل پر ایک اہم تبدیلی نوٹ کی گئی، جس میں انہوں نے اپنا نام تبدیل کرکے ’پریا سنجے کپور’ کر دیا۔
یہ تبدیلی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ اپنے ساس رانی کپور کے ساتھ 30,000 کروڑ کے وراثتی تنازع میں الجھی ہوئی ہیں۔
دیکھا جائے تو سابقہ ماڈل اور اداکارہ پریا کے انسٹاگرام میں ہونے والی یہ تبدیلی انکی نئی کمپنی پوزیشن کو نمایاں کررہی ہے جسکے بعد اب انکا تعارف نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر سونا کامسٹارکے طور پر ہوتا ہے۔
پریا نے انسٹا بائیو میں سنجے کپور کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے خود کو ایک ماں، کاروباری شخصیت، سرمایہ کار، نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر، سونا کومسٹار، ڈائریکٹرلکھا ہے۔
وراثتی جنگ کی تفصیلات:
واضح رہے کہ سنجے کپور کے انتقال کے بعد سنجے کی والدہ رانی کپور اور اہلیہ پریا کپور کے مابین 30 ہزار کروڑمالیت کی عالمی کمپنی پر قبضے کی جنگ شروع ہو گئی ہے۔
اس جنگ میں رانی کپور نے دعویٰ کیا ہے کہ بیٹے کی وفات کے بعد ان سے دباؤ میں آ کر کچھ دستاویزات پر دستخط کروائے گئے تھے جسکے بعد انہوں نے کمپنی کی سالانہ جنرل میٹنگ کو روکنے کی درخواست بھی دی تھی۔
رانی کپور کا کہنا ہے کہ وہ ہی کپور خاندان کے مفادات کی واحد نمائندہ ہیں، اور انہوں نے خاص طور پر کچھ ڈائریکٹرز کی تقرری کی منظوری پر اعتراض اٹھایا جسے سنجے کی بیوی پریا سچدیو کپور کی تقرری کی طرف اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔
تاہم رانی کپور کے اعتراضات کے باوجود کمپنی نے 25 جولائی کو ایک اور میٹنگ منعقد کی جس میں یہ مؤقف اختیار کیا کہ رانی کپور 2019 سے کمپنی کی شیئر ہولڈر نہیں ہیں۔ اس اجلاس میں پریا سچدیو کپور کو باضابطہ طور پر نان ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا۔
10 سال پرانی وصیت کا حوالہ دیتے ہوئے، رانی کپور کا یہ دعویٰ ہے کہ 30 جون 2015 کی ایک وصیت کے مطابق وہ اپنے مرحوم شوہر سرندر کپور کی جائیداد کی واحد وارث ہیں۔ ان کے مطابق، یہ انہیں سونا گروپ، بشمول آٹو کمپوننٹس کمپنی، میں اکثریتی شیئر ہولڈر بناتا ہے۔
سنجے کپور کی موت کا مختصر احوال:
یاد رہے کہ سنجے کپور جون کو انگلینڈ میں ایک پولو میچ کے دوران انتقال کر گئے تھے۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق، 53 سالہ سنجے کو پولو کھیلتے ہوئے دل کا دورہ پڑا جس کے باعث ان کا انتقال ہو گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ سنجے نے اپنی زندگی میں تین شادیاں کررکھی تھیں اور انکے تین بچے بھی ہیں۔ ان کی پہلی شادی فیشن ڈیزائنر نندیتا مہتانی سے 1996 میں ہوئی تھی جو چار سال تک قائم رہی۔ اس کے بعد انہوں نے 2003 میں اداکارہ کرشمہ کپور سے شادی کی جن سے انکے دو بچے ہیں۔
بعدازاں 2014 میں کرشمہ اور سنجے نے باہمی رضامندی سے طلاق کے لیے درخواست دی، اور ان کی طلاق 2016 میں مکمل ہوئی۔
علیحدگی کے بعد، سنجے نے 2017 میں پریا سے شادی کی جن سے انکا ایک بیٹا بھی ہے۔



