اہان پانڈے کو 'سیارا' سے قبل کونسی ویڈیوز ڈیلیٹ کرنی پڑیں؟
وہ بالکل لفنگا ٹائپ لڑکا تھا، مگر فلم میں اُس کی یہ جھلک بالکل نظر نہیں آئی، ڈائریکٹر
بالی وڈ کی سُپرہٹ فلم 'سیارا' میں مرکزی کردار نبھانے والے نوخیز اداکار اہان پانڈے اِن دنوں فلمی دنیا میں مرکزِ نگاہ بنے ہوئے ہیں۔
رواں ماہ 18 جولائی کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی فلم 'سیارا'نے نہ صرف باکس آفس پر دھوم مچائی بلکہ اس نے اہان کو بھی راتوں رات سُپر اسٹار بنا دیا ہے۔
فلم کی ریلیز سے قبل 'یش راج فلمز' نے حکمتِ عملی کے تحت اہان کو پروموشن سے دور رکھا تھا اور اب حال ہی میں ہدایتکار موہت سوری نے نیا انکشاف کیا ہے کہ اہان ماضی میں ٹک ٹاک پر کراہت آمیز (Cringe) ویڈیوز بنایا کرتے تھے۔
ایک انٹرویو میں گفتگو کے دوران موہت سوری نے اہان پانڈے اور انیت پڈا کی صلاحیتوں پر تفصیلی بات کی۔
موہت نے ہنستے ہوئے کہا کہ 'آپ نے اہان کی وہ ویڈیوز نہیں دیکھیں جو اس نے بعد میں ڈیلیٹ کر دیں، وہ مکمل ’چپڑی ٹک ٹوکر‘ تھا، بالکل لفنگا ٹائپ لڑکا، مگر فلم سیارا میں اُس کی یہ جھلک بالکل بھی نظر نہیں آئی، کیونکہ اس کی ضرورت ہی نہیں تھی'۔
انہوں نے انیت پڈا کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں ایک شاندار حسِ مزاح بھی ہے، کچھ دن قبل اس نے مجھے ویڈیو کال پر اپنی ماں کی نقل اتارتے ہوئے دکھایا، جو اسے ماسک پہننے پر ڈانٹ رہی تھیں، میں ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہو گیا۔
موہت سوری نے اہان اور انیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ان تمام نئے اداکاروں سے کئی درجے بہتر ہیں جن کے ساتھ وہ ماضی میں کام کر چکے ہیں۔
یاد رہے کہ موہت نے ماضی میں عمران ہاشمی، آدتیہ رائے کپور اور شردھا کپور جیسے ناموں کے ساتھ کامیاب فلمیں بنائی ہیں۔
'سیارا'کی باکس آفس پر دھماکہ خیز کامیابی
'سیارا' نے باکس آفس پر نئی تاریخ رقم کردی ہے، دونوں نئے چہروں پر مبنی اس فلم نے 12 دن میں بھارت میں 266 کروڑ روپے کا بزنس کر لیا، جبکہ عالمی سطح پر فلم نے 400 کروڑ روپے سے زائد کما لیے ہیں۔
موہت سوری کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کو جذبات سے بھرپور کہانی، دل چھو لینے والا میوزک اور اداکاروں کی شاندار پرفارمنس کی وجہ سے بے حد سراہا جارہا ہے۔
'سیارا' اس سال کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن چکی ہے، اہان پانڈے اور انیت پڈا نے نہ صرف فلم بینوں کے دل جیتے، بلکہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھتے ہی اپنی صلاحیتوں کا سکہ جما دیا ہے۔




