فہد مصطفیٰ پر فوٹوگرافر عمر سعید کے سنگین الزامات
فہد مصطفیٰ نے میری تذلیل کی اور نوکری سے نکلوایا، عمر سعید
معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ شوبز انڈسٹری سے وابستہ نامور فوٹوگرافر عمر سعید کی جانب سے سنگین الزامات کے سبب تنقید کی زد میں آگئے۔
فہد مصطفیٰ نے 'کنکر' ، 'یہ زندگی ہے' ، 'پُلِ صراط' ، 'میں عبدالقادر ہوں' ، 'دوسری بیوی' ، 'ایک تمنا لاحاصل سی'، 'میں چاند سی' اور 'کبھی میں کبھی تم' جیسے ڈراموں کے علاوہ کئی فلموں میں بھی بےمثال پرفرمانس دیکر اپنی اداکاری کا لوہا منوایا ہے۔
'جیتو پاکستان' جیسے شاندار گیم شو کی میزبانی کے سبب فہد مصطفیٰ پاکستانی شوبز انڈسٹری کا مقبول ترین نام بن چکے ہیں۔
حال ہی میں فہد مصطفیٰ سوشل میڈیا پر اچانک اس وقت شدید تنقید کی زد میں آگئے جسکی وجہ اُن کے سابق فوٹوگرافر عمر سعید کی ایک چونکا دینے والی پوسٹ ہے، جس میں انہوں نے فہد مصطفیٰ پر انکی تذلیل کرنے اور نوکری سے نکلوانے جیسے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
عمر سعید، جو 'جیتو پاکستان لیگ' کے دوران فہد مصطفیٰ کے فوٹوگرافر رہ چکے ہیں، انہوں نے حال ہی میں اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک ویڈیو شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فہد مصطفیٰ نے انہیں کئی بار سب کے سامنے تضحیک کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں انہیں 'اے آر وائی ڈیجیٹل' سے نکلوانے میں بھی فہد مصطفیٰ ہی ملوث تھے۔
عمر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ 'آج میں نے اپنی گیلری میں یہ ویڈیو دیکھی جو 2 سال پرانی ہے، اس ویڈیو میں فہد مصطفیٰ نے میرے ساتھ امتیازی سلوک کیا اور مجھے میرے کولیگز کے سامنے کئی بار بےعزت کیا، میں خاموش رہا کیونکہ اس نے مجھے اے آر وائی سے بھی نکلوا دیا، اُس نے میرا کیریئر برباد کر دیا'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'الحمدللہ اب میرا اپنا کاروبار ہے اور میں اپنے گھر کا خرچہ اٹھا رہا ہوں، لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ اُس (فہد مصطفیٰ) کا اصل چہرہ سامنے لایا جائے، اللہ جانتا ہے اور کتنے لوگ اس جیسے سیلیبریٹیز کی وجہ سے اذیت میں ہوں گے، دوسروں کے ساتھ ویسا سلوک کرو جیسا تم چاہتے ہو کہ تمہارے ساتھ کیا جائے'۔
فوٹوگرافر عمر سعید کی جانب سے یہ انکشاف منظرِ عام پر آتے ہی فہد مصطفیٰ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑگیا۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد نے فوٹوگرافر کا ساتھ دیتے ہوئے فہد کو 'مغرور' اور 'بدتمیز' قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'یہ بالکل ممکن ہے، فہد کیمرے کے سامنے بھی لوگوں سے بدتمیزی کرتا ہے، تو کیمرے کے پیچھے کیسا ہوتا ہوگا؟ یہ ساری شہرت، دولت اور جوانی صرف ایک بلبلہ ہے، وقت سب دکھائے گا'۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ 'رجب بٹ نے جو فہد مصطفیٰ کے ساتھ کیا، بالکل ٹھیک کیا'۔
اسی طرح ایک اور صارف نے دعویٰ کیا کہ 'فہد مصطفیٰ اچھا انسان نہیں ہے، یہ جیتو پاکستان میں جس طرح لوگوں کو نیچا دکھاتا ہے، وہی اُس کی اصل شخصیت ہے'۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے متوازن مؤقف اختیار کیا اور اس معاملے میں فہد مصطفیٰ کا مؤقف بھی جاننے کی خواہش ظاہر کی۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'ہمیں اس معاملے کا دوسرا رخ بھی جاننا چاہیے، تب ہی فیصلہ ممکن ہے کہ کون سچ کہہ رہا ہے'۔
تاحال فہد مصطفیٰ یا اے آر وائی ڈیجیٹل کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باقاعدہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین مسلسل فہد مصطفیٰ سے وضاحت کا مطالبہ کررہے ہیں۔




