فلم / ٹی وی

ڈرامہ سیریل ’گونج‘ کیوں دیکھیں؟

Web Desk

ڈرامہ سیریل ’گونج‘ کیوں دیکھیں؟

ڈرامہ سیریل ’گونج‘  کیوں دیکھیں؟

ورک پلیس یا دفاتر میں ہراسانی کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں اور ڈرامہ ’گونج‘ میں ان واقعات کو ایک الگ زاویے سے دکھانے کی کوشش کی گئی ہے کہ ہراسانی صرف جسمانی نہیں ہوتی بلکہ زبانی اور اشاروں سے بھی ہوسکتی ہے۔

ڈرامہ ’گونج‘ صرف دو ایپی سوڈ پر مشتمل ہے لیکن اس نے آفسز میں ہونے والی ہراسانی کو ایک مختلف اور حقیقت سے قریب انداز میں دکھایا ہے۔

ڈرامے میں نبیل کا کردار جسے ’گوہر رشید‘ نے ادا کیا ہے ایک ایسا شخص ہے جو ہر وقت زرناب کو تنگ کرتا رہتا ہے، زرناب کا کردار کومل میر نے ادا کیا ہے۔

نبیل زرناب پرکبھی طنز کرتا ہے، کبھی گھور کر دیکھتا ہے اور کبھی اس کے کپڑوں یا کام پر باتیں بناتا ہے۔ نبیل کی یہ حرکتیں اتنی کلیئر نہیں ہوتیں کہ زرناب اس پر کھل کر اعتراض کر سکے

لیکن اتنی ہوتی ضرور ہیں کہ زرناب کا دن اور موڈ دونوں خراب ہو جاتے ہیں اور وہ ہر روز بس یہ کوشش کرتی ہے کہ کسی طرح دن گزر جائے۔ زرناب نبیل کے خلاف کمپلین نہیں کرتی کیونکہ وہ ایک انڈیپینڈینٹ وومن ہے، جو اپنا کام خود سنبھالنا چاہتی ہے۔

اور شاید اس لیے بھی کہ نبیل کا رویہ اتنا چالاکی سے ہوتا ہے کہ اس کے خلاف ثبوت دینا مشکل ہو جاتا ہے۔

ڈرامے میں یہ دکھایا گیا ہے کہ زرناب اپنے کام میں لگی رہتی ہے، وہ یہ سب برداشت کرتی ہے، اس لیے نہیں کہ اسے نبیل سے ڈر ہے بلکہ اس لیے کہ وہ چاہتی ہے کہ وہ اپنے مسئلے خود حل کرے ،جیسے وہ پہلے بھی کرتی آئی ہے۔

جب نبیل زرناب کے کپڑوں پر کوئی بات کرتا ہے تو وہ بات صرف زرناب ہی سنتی ہے۔ جب وہ اس کے کام میں رکاوٹ بنتا ہے تو مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ زرناب غصے میں آجائے اور سب کے سامنے پریشان ہو جائے تاکہ لوگ سمجھیں کہ وہ اپنے کام کے قابل نہیں ہے۔

ڈرامہ ہمیں یہ دکھاتا ہے کہ کئی بار دفتر میں خواتین کو ہراساں کیا جاتا ہے لیکن وہ اسے ثابت نہیں کر پاتیں کیونکہ وہ باتیں بہت چھپی ہوئی اور چالاکی سے کی جاتی ہیں۔

نبیل کا مقصد صرف زرناب کو ذہنی دباؤ دینا ہے تاکہ وہ اپنے کام میں ناکام ہو جائے۔

اسی دوران ایک اور کردار آتا ہے احمد کی انٹری ہوتی ہے جسے فیروز قادری نے ادا کیا۔ وہ زرناب کا ساتھی ہے اور سمجھتا ہے کہ نبیل کیا کر رہا ہے۔

وہ زرناب کا ساتھ دینا چاہتا ہے لیکن زرناب اسے کہتی ہے کہ وہ معاملے سے دور رہے۔

کیونکہ اگر وہ اس کا ساتھ دے گا تو لوگ یہ سمجھیں گے کہ ان دونوں کے درمیان کوئی تعلق ہے اور اس سے زرناب کی مشکلیں اور بڑھ سکتی ہیں۔

فیروز قادری نے بھی اپنا کردار بہت اچھے طریقے سے ادا کیا ہے۔ آخر میں ڈرامہ یہ بتاتا ہے کہ خواتین کئی بار اس لیے خاموش رہتی ہیں تاکہ ان پر کوئی غلط الزام نہ لگ جائےاور وہ صرف اپنے کام کی بنیاد پر پہچانی جائیں۔

دفتر کے مسائل صرف تنخواہ یا چھٹیوں تک محدود نہیں بلکہ کئی بار یہ چھپے ہوئے رویوں میں ہوتے ہیں اور ہمیں ایسے مسائل کا حل نکالنے کی ضرورت ہے۔