وجے سیتھوپتی نے کاسٹنگ کاؤچ الزامات پر خاموشی توڑ دی
اسے اپنے چند لمحوں کی شہرت چاہیے، تو اسے مزے کرنے دو
جنوبی بھارت کے نامور اداکار وجے سیتھوپتی نے اپنے خلاف لگنے والے کاسٹنگ کاؤچ کے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے انہیں سختی سے مسترد کردیا۔
شاندار اداکاری، مضبوط مکالموں اور منفرد کردار سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اداکار وجے نہ صرف تمل سینما میں مشہور ہیں بلکہ پورے بھارت میں انکے فن کو سراہا جاتا ہے۔
انہوں نے اپنے کرئیر میں کئی فلموں میں منفی، مزاحیہ، رومانوی اور سنجیدہ کردار نبھائے ہیں اور ہر روپ میں ہی خود کو دنیا کے سامنے منوالیا۔
تاہم حال ہی میں اداکار کا نام اس وقت خبروں کی زینت بنا جب رامیا موہن نامی خاتون نے ان پر سنگین الزامات کی برسات کی۔اس خاتون نے دعویٰ کیا کہ وجے سیتھوپتی نے ان کی ایک جاننے والی خاتون کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ اس خاتون کا دعویٰ تھا کہ اداکار نے متاثرہ خاتون کو ہراساں بھی کیا۔
خاتون کا مزید یہ بھی دعویٰ تھا کہ اداکار نے اس لڑکی کو کئی سال تک ذہنی طور پر قابو میں رکھا گیا اور اس کا غلط استعمال کیا۔ بالآخر وہ لڑکی ری ہیبیلیٹیشن سینٹر (نشے کی لت اور ذہنی دباؤ کے علاج کے مرکز) میں داخل کرائی گئی۔’
ان الزامات نے جیسے سوشل میڈیا پر ہنگامہ پربا کردیاکیونکہ وجے کی ساکھ ہمیشہ ایک شریف، باعزت اور پروفیشنل اداکار کی رہی ہے۔
اور پھر جب کسی باکردار انسان پر الزامات لگائے جائیں تو وہ بھلا کیسے خاموش رہ سکتا ہے؟ آخر کار وجے سیتھوپتی نے بھی اس معاملے پر باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئےان الزامات کو مکمل طور پر جھوٹا، بے بنیاد اور گندا پروپیگنڈہ قرار دے دیا۔
اپنے بیان میں وجے کا کہنا تھا کہ،‘جو لوگ مجھے واقعی جانتے ہیں، وہ ان باتوں پر صرف ہنسیں گے۔ یہ الزامات اتنے گھٹیا ہیں کہ ان پر بات کرنا بھی وقت کا ضیاع ہے۔’
انہوں نے رامیا موہن نامی خاتون کو مخاطب کرتے ہوئے مزید یہ بھی واضح کیا کہ وہ خاتون صرف شہرت حاصل کرنے کے لیے میرے نام کو استعمال کر رہی ہیں۔ اسی لیے میں یہ بتایا چلوں کہ میں اس طرح کے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والا نہیں اور اگر ضرورت پڑی تو وہ قانونی کارروائی بھی کرونگا۔
ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے وجے کا کہنا تھا کہ،‘جو لوگ مجھے دور سے بھی جانتے ہیں، وہ بھی اس پر ہنسیں گے۔ حالانکہ میری فیملی اور قریبی دوست ضرور پریشان ہیں، لیکن میں نے ان سے بھی یہی کہا کہ چھوڑ دو، یہ عورت صرف توجہ حاصل کرنے کے لیے ایسا کر رہی ہے۔ اسے اپنے چند لمحوں کی شہرت چاہیے، تو اسے مزے کرنے دو۔’
مزید برآں وجے سیتھوپتی نے ایک انٹرویو میں یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے ان کے خلاف چپکے چپکے مہمیں چلائی جا رہی ہیں تاکہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
وجے نے بتایا کہ،’ہم نے سائبر کرائم میں شکایت کر دی ہے۔ میں سات سال سے ہر طرح کی سازشوں کا سامنا کر رہا ہوں۔ ان حملوں نے مجھے کبھی متاثر نہیں کیا، اور نہ آئندہ کریں گے۔’
اداکار کے بقول،‘ میری نئی فلم اچھا بزنس کر رہی ہے، شاید کچھ حسد کرنے والے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مجھے بدنام کر کے فلم کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ لیکن دنیا ایسے نہیں چلتی۔’



