ایمی ورک کے فلمی کرئیر کے 10 سال مکمل
یہ سفر بہت فائدہ مند، جذبے اور سیکھنے سے بھرپور رہا
پنجابی فلموں کے نامور گلوکار و اداکار ایمی ورک نے فلمی کرئیر میں اپنے 10 سال مکمل ہونے کا جشن مناتے ہوئے دلی نوٹ سوشل میڈیا کی زینت بنادیا۔
ایمی ورک کو ہر فن مولا کہا جائے تو غلط نہ ہوگا انہوں نے سال 2015 میں بھارتی پنجابی فلم ’انگریج’ سے فلمی کرئیر کا آغاز کیاجس میں انکی اداکاری کو اس قدر پسند کیا گیا کہ انہیں ’پی ٹی سی پنجابی فلم ایوارڈز’ میں بہترین نووارد اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
یہی وہ وقت تھا جسکے بعد انہوں نے پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ترقی کی سیڑھیاں چڑھتے چلے گئے، انکے کریڈٹ میں ’ارداس’، ’دل والی گلی’، ’لونگ لاچی’، ’ست سری اکل انگلینڈ’، ’قسمت’ اور ’نکاح زیلدار 3 جیسے نام شامل ہیں۔
اور صرف یہی نہیں بلکہ انہوں نے 2021 میں بالی وڈ فلم ’بھوچ: دی پرائیڈ آف انڈیا’ سے ہندی سینما میں بھی قدم رکھا جسکے بعد وہ ’83’، ’بیڈ نیوز’ اور ’کھیل کھیل میں’ جیسی فلموں میں بھی نظر آئے۔
ان سب فلموں میں اداکاری کے جوہر بکھیرتے ہوئے وقت ایسا گزرا کہ آج یہی فنکار فلم نگری میں اپنے 10 سال مکمل ہونے کا جشن منارہا ہے، اس موقع پر اپنے پٹیالہ شاہی عمامے اور مضبوط اسکرین پریزنس کے لیے مشہور ایمی ورک نے اپنے شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ،’میرا یہ سفر بہت فائدہ مند رہا، جذبے اور بے پناہ سیکھنے سے بھرپور۔’
اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ،‘میرے مداحوں کی بے پناہ محبت میرے لیے انتہائی عاجزانہ احساس ہے۔ میں نے ہمیشہ ایسی کہانیاں سنانے کی کوشش کی ہے جو دل سے جڑ جائیں، اور ہر کردار کو دل و جان سے نبھایا ہے۔’
گلوکار کے بقول،‘ پچھلے 10 سالوں میں جتنی محبت ملی ہے، اس کے لیے میں تہہ دل سے شکر گزار ہوں’۔
ایمی ورک نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر طویل نوٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ،‘اس سفر میں مجھ سے کچھ غلطیاں بھی ہوئیں، کچھ جانے میں، کچھ انجانے میں، لیکن آپ نے ہمیشہ مجھے معاف کیا۔ میں وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک کام کروں گا، دل سے کروں گا، اور آپ سب کو فخر محسوس کروانے کی پوری کوشش کرتا رہوں گا۔ بس یونہی محبت بنائے رکھیں۔’
واضح رہے کہ بات صرف اداکاری تک ہی محدود نہیں تھی بلکہ ایمی وِرک نے اداکاری کے ساتھ ساتھ دل کو چھو لینے والے ہٹ گانوں سے بھی خاصی شہرت سمیٹی ہے جن میں ’قسمت’ اور ’دریا’ جیسے مشہور نام شامل ہیں۔
اور اب اپنے اس سفر کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ایمی ورک کی مزید کئی فلمیں ریلیز کیلئے تیار ہیں جن میں ’ارجنٹینا’، ‘دلاں میرے آں’ اور ‘جگنی 1907’ ہیں۔
یہ فلمیں راوی دوبے، جتن سیٹھی اور دیگر پروڈیوسرز کے اشتراک سے ڈریمیاتا انٹرٹینمنٹ اور ناعد اسٹوڈیوز کے بینر تلے بنائی جا رہی ہیں جسکا شائقین کو بے صبری سے انتظار ہے۔



