انفوٹینمنٹ

9مئی کیس؛ فواد چوہدری کو فلم 'منی بیک گارنٹی' نے سزا سے بچالیا

ڈائریکٹر، پروڈیوسر فیصل قریشی نے فلم کے پریمیئر میں فواد چوہدری کی موجودگی کی گواہی دی

Web Desk

9مئی کیس؛ فواد چوہدری کو فلم 'منی بیک گارنٹی' نے سزا سے بچالیا

ڈائریکٹر، پروڈیوسر فیصل قریشی نے فلم کے پریمیئر میں فواد چوہدری کی موجودگی کی گواہی دی

9مئی کیس؛ فواد چوہدری کو فلم منی بیک گارنٹی نے سزا سے بچالیا

سابق رہنما تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فواد چوہدری کو فلم 'منی بیک گارنٹی' کے پریمئر نے 9 مئی کیس میں سزا سے بچالیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج جاوید اقبال شیخ نے 9 مئی کے 3 مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹ میں قائدحزب اختلاف شبلی فراز، رکن قومی اسمبلی زرتاج گل اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت 196 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10 سال تک قید کی سزائیں سنادیں جبکہ فواد چوہدری، زین قریشی اور خیال کاسترو سمیت 88 کو بری کردیا گیا۔

فواد چوہدری کی بریت کی بڑی وجہ یہ بنی کہ وہ اُس دن فلم 'منی بیک گارنٹی' کے پریمیئر میں شریک تھے، عدالت نے ان کی موجودگی کی تصدیق فلم کے ڈائریکٹر، پروڈیوسر فیصل قریشی کی گواہی اور دیگر شواہد سے کی جس کی بنیاد پر یہ ثابت ہو گیا کہ وہ واقعہ کے وقت موقع پر موجود نہیں تھے، اس لیے عدالت نے انہیں مقدمے سے بری کر دیا۔

فیصلے کے مطابق فواد چوہدری 'منی بیک گارنٹی' فلم کے پریمیئر کے موقع پر چیف گیسٹ تھے، جج نے باقاعدہ فیصلے میں لکھا کہ وہاں موجود ہونے کی وجہ سے وہ 9 مئی واقعے میں ملوث نہیں ہیں۔

فوادچوہدری کا اظہارِ تشکر

فوادچوہدری نے اپنی بریت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فلم 'منی بیک گارنٹی' کے ڈائریکٹر اور پروڈیوسر فیصل قریشی کا بہت شکریہ کہ انہوں نے مشکل حالات کے باوجود میری بے گناہی کی شہادت دی، ان کی شہادت اور دستاویزی شہادتوں سے میری لاہور میں غیرموجودگی کی مکمل شہادت موجود ہو سکی، وکلاء خصوصاً علی رامے، میاں علی حیدر اور نجیب فیصل چوہدری اور ان کی ٹیم کا شکریہ۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اِس فیصلے پر خوشی نہیں منا سکتے کیونکہ ہمارے انتہائی قریبی دوست مشکلات کا شکار ہیں، ایسے دوست جو ہمارے خاندان کے فرد کی طرح ہیں لیکن امید کر سکتے ہیں کہ اللہ کارساز ہو گا اور تحریک انصاف کے قائد عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو انصاف ملے گا'۔

اس پر بیرسٹر شہزاد اکبر نے ردعمل دیا کہ 'میرے دوست فواد چوہدری کو 'منی بیک گارنٹی' نے بچا لیا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'اس سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ فلمیں دیکھنا صحت کے لیے فائدہ مند ہے، اور یقیناً آپ کو سزا سے بھی بچا سکتا ہے!'۔

آصف بشیر چوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 'ساری پی ٹی آئی کو سزا، صرف فواد چوہدری بری، فواد چوہدری کے گواہ فیصل قریشی کی 'منی بیک گارنٹی' نے فواد چوہدری کو بچا لیا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'کیا کیا لطیفے ہوتے ہیں ہماری عدالتوں میں'۔

سبی کاظمی نے تبصرہ کیا کہ 'فواد چوہدری 'منی بیک گارنٹی' فلم کے پریمیئر پر چیف گیسٹ تھے، جج نے باقاعدہ فیصلے میں لکھا کہ وہاں موجود ہونے کی وجہ سے یہ 9 مئی میں شامل نہیں ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'شاہ محمود کراچی تھے لیکن عدالتیں اب نہیں مانتیں، مراد راس ماسٹر مائنڈ تھا، آئی جی پنجاب نے پریس کانفرنس تک کی، 142 کالیں بھی دکھادیں لیکن آزاد ہے'۔