خواتین

ہاتھوں کو دلکش کیسے بنائیں ؟ آرٹیفیشل ناخن لگائیں ؟

Web Desk

ہاتھوں کو دلکش کیسے بنائیں ؟ آرٹیفیشل ناخن لگائیں ؟

ہاتھوں کو دلکش کیسے بنائیں ؟ آرٹیفیشل ناخن لگائیں ؟

خواتین میں ہاتھوں کی دلکشی کو بہت اہمیت دی جاتی ہے اور ہاتھوں کو خوبصورت بنانے کیلئے بڑے پاپڑ بیلے جاتے ہیں پھر چاہے وہ مینی کیور ہو یا پھر آرٹیفیشل ناخنوں کا استعمال کرنا ہو، خواتین ہر حال میں اپنے ہاتھوں کو حسین بنائے رکھنا چاہتی ہیں۔

ناخنوں کو دلکش بنانے کیلئے نیل پالش لگاتے وقت برش کو تین چار جنبشیں دیں، یعنی ایک بار درمیان میں نیل پالش لگائیں اور بعد میں دونوں طرف لگائیں، نیل پالش کو سوکھنے دیں، اب دوسرا کوٹ کریں۔ 

نیل پالش لگانے کا بہترین وقت رات کا ہے، سونے سے پہلے نیل پالش لگائیں تو وہ صبح تک اچھی طرح سیٹ ہوجاتی ہے۔

اگر آپ کو عجلت میں کہیں جانا ہے اور آپ کے ناخن بنے ہوئے نہیں ہیں جب کہ آپ کے پاس اتنا وقت بھی نہیں کہ مینی کیورنگ (Manicuring) کرسکیں، یا آپ کے ناخن بدنما ہیں تو اس کا بہترین علاج یہ ہے کہ آپ مصنوعی ناخن لگائیں۔

مصنوعی ناخن لگانے کا طریقہ:

اپنے ناخن اچھی طرح صاف کریں، مصنوعی ناخنوں کو بھی حسب ضرورت فائل (File) کرلیں۔

مصنوعی ناخنوں کے ساتھ ایک لوشن ملتا ہے، ناخنوں کو اسی سلوشن نیل فکس(Nail Fix) کے ساتھ لگاتے ہیں۔

سلوشن کی ٹیوب کے منہ میں سوئی کے ساتھ سوراخ کریں، ٹیوب کو نیچے سے دبائیں، اپنے قدرتی ناخنوں کے اوپر اور مصنوعی ناخنوں کے نیچے سلوشن کا نیلا سا کوٹ کریں، ایک منٹ کا وقفہ دیں تاکہ لوشن ذرا خشک ہوجائے،اب مصنوعی ناخن قدرتی ناخنوں کے اوپر چپکائیں۔

خیال رہے کہ مصنوعی ناخن کا نچلا سرا اردگرد کے گوشت سے باہر نہ نکلے، مصنوعی ناخن کو اچھی طرح چپکا نے کے لیے اسے دو تین بار اوپر نیچے حرکت دیں اور دبائیں اور پھر اپنی پسند کا نیل پینٹ لگائیں۔

مصنوعی ناخن اتارنے کا طریقہ:

ہاتھوں کو الٹا کریں، مصنوعی ناخنوں کے اوپر کے حصے کے ذریعے قدرتی اور مصنوعی ناخنوں کے درمیان پٹرولیم اسپرٹ کا ایک قطرہ ڈالیں، اب مصنوعی ناخن کا کنارہ پکڑیں، آہستہ سے اتار لیں۔

اگر ناخنوں پر سلوشن رہ جائے تو روئی کے پھاہے پر پٹرولیم اسپرٹ لگا کر ناخن صاف کریں۔

یاد رکھیں کہ قدرتی ناخنوں کی صحت کے لیے مصنوعی ناخن ایک وقت میں کبھی24 گھنٹوں سے زیادہ استعمال نہ کریں۔

ناخن اُجلے،بیضوری اور گلابی رنگ کے خوبصورت سمجھے جاتے ہیں، اگر ہاتھ پھٹ جائیں تو ان پر لیموں کا رس اور گلیسرین لگا کر مساج کریں، ناخنوں پر سفید داغ عموماً صحت خراب ہونے کی علامت ہوتے ہیں۔

ناخنوں کو زیادہ بڑھانا یا زیادہ کاٹ دینا ٹھیک نہیں ہے، زیادہ بڑھانے سے ان کے اندر میل بھر جاتی ہے، جو کھانے کی ہر چیزمیں مل کر اسے زہریلا اور جراثیم آلود بنا دیتی ہے۔

عام طور پر خون کی خرابی سے ناخن اکھڑنے لگتے ہیں یا پھٹ جاتے ہیں۔ ان کا علاج یہ ہے:

پانچ تولہ شیترج کا جوشاندہ تیار کریں، اس میں پانچ تولہ سرکہ اور دو تولہ شہد ملا کر پکائیں اور اتار کر شیشی میں رکھ لیں، اسے ناخنوں پر لگاتے رہنے سے بڑا فائدہ ہوتا ہے۔

اگر ناخنوں کی رنگت خراب ہو یا ان پر بدنما دھبے ہوں تو ایک چمچہ لیموں کا عرق ایک پیالہ گرم پانی یا بھینس کے گرم دودھ میں ملا کر انہیں دھوئیں۔