اسکرین سے دور ملیکہ شیراوت آج کل کہاں غائب ہیں؟
اسکرین سے غائب ہونے پر مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔
خفیہ شادی کرکے گھر سے فرار ہونے والی بالی وڈ اداکارہ ملیکہ شیراوت کے اسکرین سے دوری پر مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔
2004 میں منظر عام پر آنے والی بالی وڈ فلم 'مرڈر' میں اپنے بولڈ مناظر سے انڈسٹری میں طوفان برپا کرنے والی اداکارہ ریما لامبا عرف ملیکہ شیراوت اب کس حال میں آئیے جانتے ہیں۔
اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ملیکہ شیراوت کا شمار آج بھی فلم انڈسٹری کی بولڈ اور گلیمرس اداکاراؤں کیا جاتا ہے تاہم گزشتہ کئی سالوں سے اسکرین سے غائب ہونے پر مداحوں کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ہریانہ کے حصار ضلع میں پیدا ہونے والی اور قدامت پسند گھرانے سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ملیکہ شیراوت کو کیریئر کےاوائل دور میں اپنی شناخت بنانے کے دوران کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اس حوالے سے اداکارہ نے اپنی کئی انٹرویوز میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ان کے والد نے انہیں صاف کہہ دیا تھا کہ اگر وہ فلموں میں کام کرنا چاہتی ہیں تو انہیں اپنے کنبہ کے سرنیم کو چھوڑنا پڑے گا۔’
فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل اداکارہ بطور ایئر ہوسٹس کچھ عرصہ اپنے فرائض سرانجام دے رہی تھیں کہ اسی دوران ان کی ملاقات پائلٹ کرن سنگھ گل سے ہوئی جو جلد دوستی کے بعد محبت میں بدل گئی اور پھر یہ دونوں چھپ کر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئےتاہم بد قسمتی سے یہ شادی ایک سال بھی نہ چل سکی اور طلاق پر ختم ہوگئی۔
بعد ازاں فلم 'مرڈر' میں کام کرنے کے بعد اداکارہ کی زندگی جیسے ایک دم تبدیل ہوگئی،دیکھتے ہی دیکھتے فلموں میں اچھی کامیابی حاصل کرنے کے بعد اداکارہ کے اپنے خاندان کے ساتھ تعلقات میں بھی بہتری دیکھنے کو ملی۔
صرف یہی نہیں ملیکہ شیراوت نے بالی وڈ کی کامیاب فلموں جیسے 'مرڈر'، 'پیار کے سائیڈ ایفیکٹس'، 'شادی سے پہلے'، 'ویلکم'، 'ہس' اور 'ڈبل دھمال' میں اپنا دھمال دکھانے کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ میں بھی دم خم دکھایا جس میں انہوں نے جیکی چن کے ساتھ بھی فلم میں کام کیا ہے۔
واضح رہے اداکارہ ان دنوں بظاہر فلمی دنیا سےدور لیکن سوشل میڈیا پر کافی متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔
اداکارہ اپنی نت نئی اور بولڈ، فٹنس اور دلکش تصاویر سے سوشل میڈیا پر کافی سرگرم ہیں جس کی بدولت ان کے فین فالوئنگ میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔