خواتین گھر بیٹھے سونے کے زیورات کیسے چمکائیں؟
کراچی کی آب و ہوا میں نمی ہے، یہی وجہ ہے کہ جو خواتین باقاعدگی سے سونے کے زیورات پہنتی ہیں، ان کے یہ زیوارت یہاں کی آب و ہوا اور مٹی کی وجہ سے اپنی اصلی چمک آہستہ آہستہ کھونے لگتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ جب کوئی قریبی شادی کی تقریب آنے لگتی ہے تو خواتین کے ذہن میں سب سے پہلے یہی آتا ہے کہ سونے کے زیورات کو پالش کروالیا جائے، تاکہ وہ دوبارہ سے چمک اُٹھیں۔
یہاں آپ کو چند ٹوٹکے بتاے جارہے ہیں جنہیں آزماکر آپ گھر پر بیٹھ کر ہی اپنے سونے کے زیورات کو پھر سے چمکاسکتی ہیں۔
اُبلا ہوا پانی: پانی کو اُبال لیں، اب کسی پائیرکس(pyrex}ڈش میں یہ گرم پانی ڈالیں، اس میں سونے کا نیکلس، انگوٹھی وغیرہ ڈال دیں۔ ان سونے کے زیورات کو پانی ٹھنڈا ہونے تک اسی ڈش میں کم از کم 5منٹ رکھے رہنے دیں، جب پانی ٹھنڈا ہوجائے تو ایک ایک کرکے ہر زیور کو کسی نرم برش کی مدد سے رگڑیں، تولئے سے صاف کریں اور پھر اسے سوکھنے کیلئے رکھ دیں، جب خشک ہوجائیں تو استعمال کریں۔ یاد رکھیں گرم پانی میں ایسے سونے کے زیورات ڈالیں، جس میں نگینے یا پرل موتی جڑے ہوئے نہ ہوں، کیونکہ اگر نگینے جڑے ہوئے زیورات کو گرم پانی میں زیادہ دیر رکھا جائے تو ان کے نگینوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔
ٹوتھ پیسٹ: دو کھانے کے چمچ پانی میں تھوڑا سا ٹوتھ پیسٹ ڈالیں، اب اس مکسچر کو برش پر لگائیں اور پھر برش کی مدد سے سونے کی جیولری کو رگڑیں۔ اس کے بعد کسی کپڑے سے صاف کرنے کے بعد جیولری کو واش کرلیں۔ آخر میں اسے کسی تولئے کی مدد سے خشک کرلیں۔
ٹوتھ پیسٹ میں موجود اجزاء سونے کے زیورات کو چمکانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایک بات یہ بھی یاد رکھیں کہ جب بھی سونے کی جیولری کو دھوئیں تو اس کے نیچے کوئی چھلنی وغیرہ ضرور رکھیں، کیونکہ کبھی کبھار پانی کے پریشر سے کوئی چھوٹا سا جیولری آئٹم گر بھی سکتا ہے، اگر نیچے کی جانب چھلنی نہیں ہوگی تو آپ کا سونے کا کوئی چھوٹا ٹاپس، ناک کی لونگ وغیرہ گم بھی سکتی ہے۔
ڈش واشنگ لیکویڈ: کسی پیالے میں تھوڑا سا گرم پانی ڈالیں، اس میں چند قطرے ڈش واشنگ لیکویڈ کے ڈالیں اور اچھی طرح دونوں چیزوں کو مکس کریں، جب جھاگ بن جائیں تو اس پیالے میں تمام سونے کے زیورات ڈال دیں۔ ان زیورات کو 15منٹ کیلئے اسی پیالے میں رہنے دیں۔ اس کے بعد کسی نرم دندانوں والے برش کی مدد سے اسے رگڑیں، اس کے بعد سادے پانی سے دھولیں اور کسی کپڑے سے خشک کرلیں۔
امونیا: اگر ڈش واشنگ لیکویڈ سے زیورات صاف نہ ہوں تو پھر امونیا کی مدد سے ان زیورات کو چمکانے کی کوشش کریں۔ ایک پیالے میں گرم پانی لیں، اس میں ایک سے 2کھانے کے چمچ امونیا ڈالیں، دونوں چیزوں کو اچھی طرح مکس کریں، اس پیسٹ کو سونے کے زیورات پر لگائیں، صرف ایک منٹ لگائیں اور پھر اسے سادے پانی سے دھولیں۔
یاد رکھیں کہ امونیا والا مکسچر ایک منٹ سے زائد نہ لگائے رکھیں، دھونے کے بعد جیولری کو کسی تولئے یا کپڑے سے صاف ضرور کریں۔ اس مکسچر سے زیورات بازار کی پالش کی طرح ہی چمک اٹھیں گے تاہم جیولرز کا کہنا ہے کہ امونیا کی مدد سے اگر چند دنوں میں کئی مرتبہ زیورات صاف کرلئے جائیں تو پھر سونے کو نقصان پہنچ سکتا ہے کیونکہ امونیا کی وجہ سے دھات یعنی سونا پگھلنے لگتا ہے۔
صابن: کسی بھی صابن کو کدوکش کرلیں، کدوکش کی گئی تھوڑی سی صابن کو پانی میں ڈالیں، اب اسے چولہے پر رکھیں، جب تک پانی بوائل ہوجائے، اس کے بعد اسے چولہے سے اتار لیں۔ جب مکسچر ٹھنڈا ہوجائے تو زیورات اس مکسچر میں ڈالیں۔
پھر کسی برش کی مدد سے ان زیورات کو اچھی طرح رگڑیں۔ پھر زیورات کو دھولیں اور تولئے سے خشک کرلیں۔ ہوا میں سوکھنے کیلئے رکھ دیں۔
یاد رکھیں کہ سونے کے زیورات کو صاف کرنے کیلئے نوکیلے دندانوں والا برش ہرگز استعمال نہ کریں، کیونکہ اس سے سونے کے زیورات یا نگینوں پر خراشیں یا لائنیں پڑجانے کا خدشہ رہتا ہے۔
