سلمان خان کے نخروں کی وجہ سے عامر خان نے ساتھ کام کرنا چھوڑ دیا

بالی ووڈ کے دو بڑے سپر اسٹار عامر خان اور سلمان خان گزشتہ 35 سالوں سے کروڑوں دلوں پر راج کرتے آ رہے ہیں، لیکن آپ نے کبھی سوچا ہے کہ فلم انداز اپنا اپنا کے بعد دونوں اداکاروں نے ایک دوسرے کیساتھ کام کرنا کیوں چھوڑ دیا؟
عامر خان اور سلمان خان کی سال 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم 'انداز اپنا اپنا' ایک زبردست کامیڈی فلم تھی جس میں دو سپر اسٹارز کے کام کو کافی پسند بھی کیا گیا تاہم اس فلم کی شوٹنگ کے حوالے سے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان اس فلم کی شوٹنگ کے کیلئے ہمیشہ دیر سے پہنچتے تھے جبکہ عامر خان وقت کے پابند تھے اور سلمان کی وجہ سے انہیں سیٹ پر گھنٹوں انتظار کرنا پڑا تھا جس کے باعث دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے اور دونوں سیٹ پر ایک دوسرے کیساتھ بات بھی نہیں کرتے تھے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہی وجہ تھی کہ فلم انداز اپنا اپنا کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد عامر نے فیصلہ کر لیا تھا اب وہ کبھی بھی سلمان خان کیساتھ کام نہیں کریں گے اور پھر سب نے دیکھا کہ سلمان اور عامر کبھی بھی اسکرین پر ایک ساتھ نظر نہیں آئے۔
دوسری جانب اسی فلم کی ہیروئنز کرشمہ اور روینہ کے درمیان بھی جھگڑا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے سیٹ پر ایک دوسرے سے بات کرنا چھوڑ دیا تھا۔
ایک مرتبہ ہندوستان ٹائم کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے روینا ٹنڈن نے اس حوالے سے کہا تھا کہ، 'یہ مزیدار تھا، کیونکہ جب ہم شوٹنگ کر رہے تھے، ہم میں سے کوئی ایک دوسرے سے بات نہیں کر رہا تھا۔ سب کی لڑائیاں جاری تھیں۔ عامر اور سلمان ایک دوسرے سے بات نہیں کر رہے تھے، کرشمہ اور میری بھی بات چیت بند تھی۔
روینا ٹنڈن نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ یہاں تک کہ سلمان اور فلم کے ہدایتکار راجکمار سنتوشی بھی ایک دوسرے سے بات نہیں کرتے تھے، اداکارہ نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ فلم کیسے بنی، لیکن، یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم بہت اچھے اداکار ہیں۔
سلمان خان اور عامر خان کے درمیان فلم 'انداز اپنا اپنا' کے سیٹ سے شروع ہونے والے اختلافات تو دم توڑ چکے ہیں اور اب وہ دونوں کافی اچھے دوست بھی ہیں، بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلم پٹھان میں مختصر اور جاندار کردار ادا کرنے کے بعد سلمان خان عامر خان سے ملنے ان کے گھر گئے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے بطور پروڈیوسر سلمان کو اپنی نئی فلم آفر کی تھی جو کہ انہوں نے قبول بھی کر لی تھی، کہا جا رہا ہے کہ عامر خان کی فلم میں سلمان خان مرکزی کردار نبھائیں گے، تاہم دونوں سپر اسٹارز کے مداح انہیں ایک ساتھ فلم میں جلوے بکھیرتے دیکھنا چاہتے ہیں جس کے بارے میں فی الحال تو کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔