انفوٹینمنٹ

دیپیکا اور رنویر کی ویڈنگ ویڈیو میں شامل ’رومانوی‘ مناظر

’دیپ ویر‘ کی ویڈنگ ویڈیو بالی وڈ جوڑی کی حقیقی ’سپر ہٹ رومانوی فلم‘ قرار دے دی گئی

Web Desk

دیپیکا اور رنویر کی ویڈنگ ویڈیو میں شامل ’رومانوی‘ مناظر

’دیپ ویر‘ کی ویڈنگ ویڈیو بالی وڈ جوڑی کی حقیقی ’سپر ہٹ رومانوی فلم‘ قرار دے دی گئی

دیپیکا اور رنویر کی ویڈنگ ویڈیو میں شامل  ’رومانوی‘ مناظر

بالی وڈ کی ہر دلعزیز جوڑی ’دیپ ویر‘ کی 5 سال قبل ہونے والی شادی کی ویڈیو نے منظرِ عام پر آتے ہی ہر سو ’رومانوی رنگ‘ بکھیر دیے۔

گزشتہ روز  بھارتی مقبول ترین ٹاک شو 'کافی ود کرن' کے 8ویں سیزن کے پہلے ایپیسوڈ میں رنویر سنگھ اور دیپیکا پڈوکون پہلی مرتبہ بطور جوڑی جلوہ گر ہوئے اور اس سیزن کے آغاز کو یاد گار بنا دیا۔

مذکورہ شو میں جہاں شو کے میزبان کرن جوہر اور رنویر سنگھ کے درمیان نوک جھوک کو بہت پسند کیا گیا وہیں رنویر اور دیپیکا کی عشقیہ گفتگو بھی سب کے دلوں کو جیتنے میں کامیاب رہی۔

گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیرِ گردش تھیں کہ سال 2018 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اس اسٹار جوڑی کی شادی کی خاص ویڈیو دورانِ شو دکھائی جائے گی اور کل یہ خبریں اس وقت حقیقت کا روپ دھار گئیں کہ جب شو میں ’دیپ ویر‘ کی شادی کی ویڈیو سچ میں دکھا دی گئی۔

مذکورہ ویڈیو دیپیکا اور رنویر کی محبت کے لمحات کے تمام رنگ خود میں سمیٹے ہوئی ہے، جہاں ویڈیو کے آغاز میں رنویر سنگھ دیپیکا سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان سے شادی کرنا اپنا سب سے بڑا خواب قرار دیتے نظر آئے وہیں دیپیکا پڈوکون نے رنویر سے شادی ہوتے ہی اپنی زندگی ’مکمل‘ ہوجانے کا اعتراف کیا۔

ویڈیو میں قید ایک منظر میں رنویر سنگھ کو عروسی جوڑے میں ملبوس شادی کی رسومات شروع ہونے سے قبل دیپیکا سے ملنے کیلئے جاتے دکھایا گیا لیکن پھر ایک آواز سنائی دی کہ ’شادی سے پہلے دیپیکا آپ سے نہیں مل سکتی‘ ، جس پر رنویر مسکرائے اور محبت کی عکاسی کرتی آنکھوں کے ساتھ دیپیکا کو بلند آواز میں ’مجھے تم سے پیار ہے‘ کہہ کر دوسری جانب مڑ گئے۔

اس اسٹار جوڑی کے مداح اس ویڈیو کے ہر ایک لمحے کو بے حد پسند کر رہے ہیں جبکہ متعدد پرستاروں نے اسے بالی وڈ جوڑی کی حقیقی ’سپر ہٹ رومانوی فلم‘ قرار دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ رنویر سنگھ نے ’کافی ود کرن‘ میں یہ اقرار  بھی کیا ہے کہ انہوں نے سال 2015 میں دیپیکا پڈوکون کو شادی کیلئے پروپوز کیا تھا۔

تازہ ترین