پاکستان کی پہلی خاتون رپورٹر پروفیسر 'شاہدہ قاضی' انتقال کر گئیں
خاتون نامہ نگار کو آج جامعہ کراچی کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا
پرنٹ میڈیا کی پہلی خاتون رپورٹر اور جامعہ کراچی کی سابق چئیرپرسن شعبہ ماس کمیونیکشن پروفیسر شاہدہ قاضی انتقال کر گئیں۔
پاکستان کی پہلی خاتون رپورٹر کا اعزاز حاصل کرنے والی اور اپنے شاندار کیریئر کے دوران متعدد صحافیوں کی رہنمائی کرنے والی شاہدہ قاضی کاکراچی میں انتقال ہوگیا۔
اہل خانہ کے مطابق شاہدہ قاضی کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر جامع مسجد فیضان بسم اللہ سنی سائیڈ روڈ سول لائنز کراچی میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں جامعہ کراچی کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
پروفیسر شاہدہ قاضی کی زندگی پر ایک نظر:
شاہدہ قاضی 1944 میں کراچی میں معروف عالم علامہ قاضی ثانی کے گھر میں پیدا ہوئیں۔ ان کے خاندان کا تعلق سندھ میں دادو کے قریب واقع ایک گاؤں سے ہے۔
انہوں نے سینٹ لارنس کانوینٹ اسکول سے میٹرک مکمل کیا اور بعد میں 1963 میں سینٹ جوزف کالج سے گریجویشن کیا۔
بعد ازاں انہوں نے سن 1965 میں جامعہ کراچی سے صحافت میں ماسٹرز کیا اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔
پروفیسر شاہدہ قاضی نا صرف اپنے کام میں مہارت رکھتی تھیں بلکہ انہیں پاکستان کی پہلی خاتون رپورٹر کا بھی اعزاز حاصل تھا جنہوں نے اپنی پوری زندگی دنیا کو حقیقت دکھانے اور صحافت میں گزاردی۔
انہوں نے 20 سال تک پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن میں نیوز پروڈیوسر اور سینئر نیوز ایڈیٹر کے طور پر بھی کام کیا اور ساتھ ساتھ ریڈیو پاکستان سے بھی وابستہ رہیں۔
پروفیسر شاہدہ قاضی جو ایک سرشار معلم بھی تھیں انہوں نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران متعدد صحافیوں کی رہنمائی بھی کی اور انہیں ایک مقام تک پہچانے میں پیش پیش رہیں۔
اپنے تدریسی کردار کے علاوہ انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ مطبوعات کی چیئرپرسن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں اور علمی اور صحافتی شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔
پروفیسر شاہدہ قاضی کی اشاعتوں میں سیاہ، سفید اور سرمئی، ٹیلی ویژن جرنلزم، ٹیلی ویژن صحافت، پاکستان اسٹڈیز ان فوکس، “او” لیول کے طلباء کے لیے ایک نصابی کتاب، پیشہ ورانہ جرائد میں میڈیا اور کمیونیکیشن کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقی مضامین، اخبارات اور رسائل میں میڈیا، تعلیم، خواتین کے مسائل، سماجی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر عمومی مضامین شامل ہیں۔
پروفیسر شاہدہ قاضی کی موت یقینی طور پر پاکستان کی صحافتی اور علمی تاریخ کے ایک دور کے خاتمے کی علامت ہے۔
-
اسکینڈلز 6 گھنٹے پہلے
شادی اور ماں بننے سے متعلق ایشوریا کا 29 سال پُرانا بیان وائرل
-
دلچسپ و خاص 6 گھنٹے پہلے
اہرامِ مصر کے اوپر سیٹلائٹس میں خلل کی وجہ سامنے آگئی
-
پاکستان 6 گھنٹے پہلے
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان
-
دلچسپ و خاص 7 گھنٹے پہلے
شوہر کی سالگرہ پر ملالہ کا محبت بھرا پیغام