بابر اعظم کا 'شیروانی کی خریداری' پر موقف جاری
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارت میں شیروانی اور جیولری کی خریداری کے حوالے سے زیرِ گردش خبروں پر اپنا موقف جاری کردیا۔
چند روز قبل سوشل میڈیا سمیت بھارتی نیوز چینلز پر بابر اعظم کے متعلق یہ خبریں گردش کرتی رہیں کہ انہوں نے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے میچز کے مشکل ترین شیڈول میں سے وقت نکال کر اپنی شادی کے لیے ’سبیاساچی‘ کی شیروانی خریدی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر اعظم کی جانب سے خریدی گئی ڈیزائنر شیروانی کی قیمت 7 لاکھ بھارتی روپے بتائی گئی، تاہم اگر اس قیمت کو پاکستانی روپوں میں تبدیل کیا جائے تو یہ شیروانی تقاریباً 23 لاکھ 34 ہزار روپوں سے زائد کی بنتی ہے۔
علاوہ ازیں رپورٹ میں شیروانی کے علاوہ قیمتی جیولری خریدنے کے متعلق بھی دعویٰ کیا گیا اور بابر کی جانب سے کی گئی اس خریداری کی وجہ انکی شادی کو قرار دیا گیا۔
اب بابر اعظم نے اس حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری جاری کی ہے جس میں کھلاڑیوں کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے والی پی آر کمپنی ’سایا کورپوریشن‘ کی پوسٹ ری شیئر کی گئی ہے۔
مذکورہ اسٹوری میں لکھا ہے کہ ’ہم مختلف میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہیں جن کے مطابق ورلڈ کپ کے دوران بابر اعظم بھارت میں مہنگے کپڑوں اور زیورات کی خریداری میں مصروف ہیں۔‘
انسٹا اسٹوری کے مطابق یہ خبریں خود بابر اعظم کے لیے بھی حیران کُن ہیں، ہم ان تمام بے بنیاد خبروں کی تردید کرتے ہیں۔‘