انفوٹینمنٹ

قائد اعظم کی شاندار نقل پر زاہد احمد کے چرچے

Web Desk

قائد اعظم کی شاندار نقل پر زاہد احمد کے چرچے

قائد اعظم کی شاندار نقل پر زاہد احمد کے چرچے

پاکستان کے معروف اور ورسٹائل اداکار زاہد احمد نے قائد اعظم کی آواز اور انداز میں تقریر کرکے ناظرین پر سحر طاری کردیا۔

حال ہی میں زاہد احمد ایک مزاحیہ ٹاک شو کے مہمان بنے جہاں ان سے اداکاری کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی زندگی کے بے حد خوبصورت اور خاص تجربات کا بھی انکشاف کیا۔

دورانِ شو بابائے قوم قائد اعظم کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے گفتگو کا آغاز کیا اور ناظرین کو بتایا کہ انہیں دو بار محترم قائد اعظم کا کردار ادا کرنے کا موقع ملا جن کی انتھک محنت سے یہ وطن حاصل ہوا ہے۔

خیال رہے کہ قائد اعظم کے بولنے کا ایک منفرد انداز تھا۔ ان کی تقریروں کے نایاب کلپس ان کے انداز اور آواز سے ہی پہچان لیے جاتے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح انتہائی کرشماتی شخصیت کے مالک تھے۔ ان کی ہر بات کو غیر ملکی زبان میں بھی سمجھ لیا جاتا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی زبان کی تاثیر اور انتھک کوششوں کے باعث پاکستان بحیثیت ایک آزاد ملک وجود میں آیا۔

قائدِاعظم کا کردار نبھانے پر بات کرتے ہوئے زاہد نے اسے اپنی خوش قسمتی گردانتے ہوئے زندگی کا خاص اور خوبصورت تجربہ قرار دیا۔

انہوں نے قائد اعظم کے انداز کو بہترین انداز میں نقل کرتے ہوئے لوگوں کے لیے لائیو پرفارم بھی کیا اور قائد اعظم کی آواز میں تقریر کرکے انہوں نے سنہری یادوں کو دوبارہ زندہ کیا۔

زاہد احمد ایک ورسٹائل اسٹار ہیں جو اپنی مخصوص بھاری آواز کے سبب پہچانے جاتے ہیں۔ اداکار نے تھیٹر، ڈراموں اور فلموں میں کام کیا ہے اور ہمیشہ اپنی پرفارمنس کی بدولت ناظرین کو متاثر کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔