امام اور انمول کی ’ویڈنگ’ ویڈیو نے دھوم مچادی
شادی کی تقریبات کا آغاز 21 نومبر کو ناروے میں مہندی کی تقریب سے ہوا تھا۔
پاکستانی کرکٹر امام الحق اور انکی اہلیہ انمول محمود کی ویڈنگ ویڈیو نے منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر اپنا سحر طاری کردیا۔
گزشتہ روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے اوپنر بلے باز امام الحق نے دلکش تصاویر کے بعد ویڈیو جاری کرکے ہر دیکھنے والے کو تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔
نکاح سے قبل امام الحق نے فوٹو شوٹ بھی سوشل میڈیا کی زینت بنایا تھا جس میں خوبصورتی میں اپنی مثال آپ دلہنیا انمول محمود برسوں پرانی سرخ جوڑے کی روایات کو توڑتی ، ہلکے گلابی رنگ کی ساڑھی میں ملبوس نظر آئیں جبکہ حسین دلہن کے حسن میں اضافہ کرتے حسین میک اپ اور نازک زیورات نے انمول کی خوبصورتی کو مزید نکھار دیا۔
امام اور انمول کی ڈیسٹینیشن ویڈنگ میں مقام، فوٹوگرافی، خوبصورت سجاوٹ غرض کے ہر ایک چیز قابلِ تعریف تھی جس نے ہر دیکھنے والے کو دنگ کردیا۔
دلکش تصاویر کا سلسلہ تھما نہ تھا کہ کرکٹر امام الحق نے ویڈنگ ویڈیو جاری کرکے تہلکہ مچادیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امام الحق اور انمول کی شادی میں قریبی رشتے داروں سمیت کئی نامور شخصیات نے شرکت کی جن کی موجودگی میں انمول اور امام نے نکاح کے بول پر ’قبول ہے’ کہہ کر اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا۔
صرف یہی نہیں اس ویڈیو میں امام الحق کے وہ الفاظ بھی شامل تھے جو انہوں نے خاص اپنی اہلیہ کیلئے ریکارڈ کیے تھے۔
یاد رہے کہ اس خاص دن کو کیمرے میں قید کرنے والا فوٹوگرافر کوئی اور نہیں بلکہ ’pictroizzah’ ہی ہیں جنہوں نے شاہین اور انشا کی شادی کے لمحات پر بھی اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا تھا۔
دلہن کا اپنے والد کے ہمراہ نکاح کے مقام تک آنا، جوڑے کا رشتے کو قبول کرنا اور یہاں تک کے ہر ایک لمحہ جو بھی کیمرے میں قید ہوا مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔
عوامی پذیرائی کا اندازہ اس بات سے بآسانی لگایا جاسکتا ہے کہ ویڈیو نے منظر عام پر آتے ہی دھوم مچا رکھی ہے۔
یاد رہے کہ امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز 21 نومبر کو ناروے میں مہندی کی تقریب سے ہوا تھا۔
بعدازاں 23 نومبر کو لاہور میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں سابق کپتان بابراعظم، سرفراز احمد سمیت دیگر کئی کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی۔
امام اور انمول کی دلکش تصاویر پر ایک نظر:


