ہانیہ عامر اور عاصم اظہر، محبت کی ایک ادھوری کہانی
ڈراموں، فلموں اور گانوں میں کچھ آن اسکرین جوڑیاں اس قدر مقبول ہوجاتی ہیں کہ ان کے مداح چاہتے ہیں کہ حقیقی زندگی میں بھی انہیں شادی کرنی چاہئے۔
یہ تو بہت پرانی روایت ہے کہ جب کوئی بھی آن اسکرین جوڑی مقبول ہوجاتی ہے تو پھر وہ ایک ساتھ کئی پراجیکٹس میں دکھائی دیتے ہیں۔
کچھ فنکاروں کے درمیان میں حقیقت میں بھی قربت بڑھ جاتی ہے اور پھر حقیقی زندگی میں بھی وہ ایک ہوجاتے ہیں۔ لیکن بعض اوقات یہ ہردلعزیز جوڑیاں کچھ وجوہات کے سبب اپنی راہیں بھی جدا کرلیتی ہیں۔
پاکستانی اداکار عاصم اظہر اور ہانیہ عامر کی جوڑی کا شمار بھی ان بدقسمت جوڑیوں میں ہوتا ہے جو شادی کے بندھن تک نہ پہنچ سکیں۔
سال 2019 میں عاصم اظہر اور ہانیہ عامر ایک ساتھ تقاریب میں دکھنے لگے اور دونوں اپنے اپنے انسٹاگرانم اکاؤنٹ پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے اور پوسٹس پر کمنٹس کرتے نظر آتے۔
عاصم اور ہانیہ کی جوڑی پاکستانی عوام کی پسندیدہ جوڑیوں میں شامل ہوگئی تھی اور دونوں کے مداح چاہتے تھے کہ جلد ہی عاصم اور ہانیہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں۔
ایک فیشن شو میں دونوں کے محبت سے بھرپور لمحات نے سوشل میڈیا پر دھوم مچائے رکھی جس کے بعد فروری 2020 میں عاصم نے بے حد فلمی انداز میں ہانیہ کو سالگرہ کی سرپرائز پارٹی کا اہتمام کرکے اپنی محبت کے اظہار کا ایک اور طریقہ اپنایا۔
دونوں کی محبت عروج پر تھی اور دونوں نے ایک میوزک ویڈیو میں ساتھ کام بھی کیا جس کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند بھی کیا گیا۔
جولائی 2020 میں ہانیہ عامر سے آئمہ بیگ نے سوشل میڈیا پر لائیو سیشن کے دوران سوال پوچھا کہ 'کیا وہ اور عاصم اظہر ابھی ایک ساتھ ہیں ؟'
جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم ساتھ نہیں ہیں اور نہ ہی ہم ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔‘ جس پر آئمہ بیگ حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’یہ تو مجھے بھی نہیں پتا تھا، ہم بہت اچھے دوست ہیں۔‘
ہانیہ عامر کا یہ بیان سوشل میڈیا پ وائرل ہوگیا اور دونوں کے بریک اپ کی خبروں نے زور پکڑ لیا جس نے اس اسٹار جوڑی کے چاہنے والوں کے دل توڑ دیے۔
سال 2022 میں ہانیہ عامر کو اپنی زندگی سے مکمل طور پر نکالتے ہوئے عاصم اظہر نے ماڈل و اداکارہ میرب علی سے منگنی کرلی۔
جہاں ایک طرف عاصم اظہر زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں وہاں دوسری جانب ہانیہ فی الحال اپنے شوبز کریئر کو مزید چار چاند لگانے میں مصروف ہیں۔




