فواد خان کے 10 قابلِ ستائش ڈرامے اور فلمز
پاکستانی شوبز انڈسٹری پر گزشتہ کئی سالوں سے راج کرنے والے اداکار فواد خان نے رواں سال 42ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے چاہنے والوں کی جانب سے محبت سے بھرپور پیغامات وصول کیے۔
سال 2007 میں پاکستانی فلم ’خدا کے لیے‘ میں اپنی بہترین اداکاری کے سبب شہرت حاصل کرنے والے اداکار فواد خان سال 2011 میں ڈراما ’ہم سفر‘ سے شہرت کی اس راہ پر گامزن ہوگئے کے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
فواد خان نے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی اپنی بہترین اداکاری کا لوہا منوایا اور سال 2014 میں بالی وڈ فلم ’خوبصورت‘ میں کام کر کے سب کو اپنا دیوانہ بنالیا۔
فواد خان نے جس بھی پراجیکٹ میں کام کیا اس کو اپنی پُرکشش شخصیت اور منفرد اداکاری سے سُپر ہٹ بنادیا۔
انکے 10 ایسے پراجیکٹس جن میں ادا کیا گیا ان کا کردار ناظرین کے دل میں ہمیشہ کیلئے گھر کر گیا درج ذیل ہیں:
1۔ہم سفر:
سال 2011 میں ڈراما ’ہم سفر‘ میں فواد خان ’عشر‘ کے کردار میں جلوہ گر ہوئے اور اپنی بیترین اداکاری سے شہرت کے آسمان کو چھونے میں کامیاب رہے۔
2۔زندگی گلزار ہے:
سال 2012 میں پاکستانی ٹی وی اسکرینز کی زینت بننے والا ڈراما اپنی منفرد اور اتار چڑھاؤ سے بھرپور کہانی کے سبب ناظرین کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا۔
اس ڈرامے میں فواد خان نے ’زارون‘ نامی ایک امیر لڑکے کردار ادا کیا جبکہ ان کے ساتھ اداکارہ صنم سعید ’کشف مرتضیٰ‘ کا کردار نبھاتی نظر آئیں۔
3۔خوبصورت:
سال 2014 میں فواد خان نے بالی وڈ میں فلم ’خوبصورت‘ سے ڈیبیو دیا اور بھارتی فلم نگری کے بڑے بڑے اداکاروں کو ٹکر دیتے نظر آئے۔
اس فلم میں فواد خان نے ’وکرم‘ نامی شہزاے کا کردار اس قدر بہترین نبھایا کہ وہ حقیقت میں ایک شہزادے ہی معلوم ہو رہے تھے۔
مذکورہ فلم میں فواد خان کے ساتھ اداکارہ سونم کپور ’ملی‘ نامی فیزیوتھراپسٹ کا کردار نبھاتی نظر آئیں۔
4۔ خدا کے لیے:
2007 میں پاکستانی فلم ’خدا کے لیے‘ میں فواد خان نے ’صرمد حسین‘ نامی ایک گلوکار کا کردار ادا کیا اور اس فلم میں اداکاری کے سبب وہ ایک اچھے اداکار کے طور پر سامنے آئے۔
5۔ مس مارول:
مس مارول گزشتہ سال 2022 کو ناظرین کی خدمت میں پیش ہوئی جس میں فواد خان کیمیو دیتے نظر آئے لیکن ’حسن‘ نامی اس مختصر کردار کو بھی اپنی بہترین اداکاری سے قابلِ تعریف بنادیا۔
6۔ کپور اینڈ سنز:
بالی وڈ فلم ’کپور اینڈ سنز میں فواد خان ’راہول کپور‘ کے کردار میں نظر آئے اور فلم کی کاسٹ میں شامل اداکار سدہارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ سے زیادہ فواد خان کی اداکاری کو پسند کیا گیا۔
7۔ اے دل ہے مشکل:
2016 میں ریلیز ہونے والی کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں فواد خان ’ڈی جے علی‘ نامی ایک مختصر کردار نبھاتے نظر آئے لیکن اپنی دلکشی اور بہترین اداکاری سے ایک مرتبہ پھر سب کو اپنا دیوانہ بنالیا۔
8۔ نم:
سال 2013 میں ریلیز ہونے والے ڈرامے ’نم‘ میں فواد خان کو بطور ’ولی بخت خان‘ دیکھا گیا اور یہ کردار فواد کی بہترین اداکاری کے سبب ناظرین کے دلوں میں ایک منفردمقام بناگیا۔
9۔ بے حد:
2013 میں فواد خان بطور ’جمال احمد‘ ڈراما ’بے حد‘ میں جلوہ گر ہوئے جس میں ان کی بہترین اداکاری اور کردار کو حقیقی رنگ دینا ناظرین کو بہت پسند آیا۔
10۔ دا لیجنڈ آف مولا جٹ:
2022 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی جسے نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی بہت پسند کیا گیا جبکہ فواد خان کی اداکاری کو الگ سے پذیرائی حاصل ہوئی۔





