خواتین

موسم سرما میں جلد کا خیال کیسے رکھیں؟

Web Desk

موسم سرما میں جلد کا خیال کیسے رکھیں؟

موسم سرما میں جلد کا خیال کیسے رکھیں؟

موسم سرما کی سرد، خشک اور یخ بستہ ہوائیں سردی کا احساس دلاتی ہیں۔ ہمارے روزمرہ کے کھانوں میں بھی موسم سرما کے خاص پکوان اور خشک میوہ جات اپنی بہار دکھاتے ہیں اور سرد ہوائیں ہماری جلد اور بالوں پر اثرانداز ہوتی ہیں۔ خاص طور پر خشک جلد پر سرد ہوائیں اپنے منفی اثرات ڈلاتی ہیں۔ 

طبی ماہرین کے مطابق 90فیصد افراد کی جلد نارمل ہوتی ہے لیکن موسمی اثرات سے بچاؤ ہر صورت میں ضروری ہوتا ہے۔ جب سردی کا موسم آتا ہے تو ٹھنڈی اور خشک ہواؤں کا براہ راست اثر جلد پر پڑتا ہے۔ چنانچہ خشکی اور خارش کی شکایات جنم لیتی ہیں۔

 سردیوں کے موسم میں عموماً گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند کردئیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے بیرونی ہوا کے تمام داخلی راستے بند ہوجاتے ہیں جس کے نتیجے میں کمرے میں موجود ہوا کی نمی ختم ہوجاتی ہے اور ہوا مزید خشک ہوجاتی ہے۔ اس طرح جلد کی خشکی میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔

 خشک جلد کی حامل خواتین کی جلد بہت ہی حساس ہوتی ہے جس میں سرد ہوائیں مزید اضافہ کردیتی ہیں۔ خشک جلد نہایت باریک مسامات پر مشتمل ہوتی ہے۔ نوعمر یا نوجوانی میں خشک جلد اچھی لگتی ہے لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ ساتھ اگر اس کی مناسب دیکھ بھال نہ کی جائے تو اس پر قبل از وقت گہری لکیریں بننے لگتی ہیں اور جلد کھردری ہوکر پھٹنے بھی لگتی ہے۔

خشک جلد کی دیکھ بھال بہرحال مشکل نہیں ہوتی ہے۔ تھوڑی سی توجہ دی جائے تو خشک جلد بھی نارمل جلد کی طرح ہی ہوسکتی ہے۔ وقتی طور پر ہی سہی لیکن خشک جلد سے نجات ممکن ہے۔ ایسی جلد کی حامل خواتین کیلئے سب سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہوتی ہے کہ جب وہ 20یا 25سال کی عمر کو پہنچتی ہیں تو ان کے چہرے پر جھریاں نمودار ہونے لگتی ہیں۔ خشک جلد کی بنیادی دیکھ بھال میں سب سے پہلے تو روزانہ چہرے کی صفائی ضروری ہوتی ہے۔

 یعنی چہرے کا صبح اور شام دھونا مگر صابن کے بغیر، کیونکہ صابن جلد کو خشک کرتا ہے۔ اس کیلئے آپ چہرے صاف کرنے والی ایسی کلینزنگ کریم کا استعمال کریں جو خصوصی طور پر خشک جلد کیلئے بنائی گئی ہو۔ اس کے علاوہ گرم پانی کا استعمال نہ کریں۔ چاہے آپ منہ دھوئیں یا غسل کریں۔ اس لئے کہ یہ بھی جلد کوخشک کرتا ہے۔ اس کے علاوہ جلد کو سکیڑنے والے ماسک اور لیموں کے چھلکوں کا استعمال بھی زیادہ نہ کریں۔ اگر آپ جلد کی صفائی کیلئے استعمال ہونے والا حسن افزا ٹونر استعمال کرتی ہیں تو یہ اطمینان کرلیں کہ اس میں الکحل کی آمیزیش تو نہیں ہے۔ اپنی جلد کو نرم رکھنے کیلئے معیاری موئسچرائزر کا استعمال کریں۔

سردیوں میں زیادہ اور گرمیوں میں قدرے کم موئسچرائزر لگائیں۔ خشک جلد کی حفاظت کیلئے زیادہ چکنا موئسچرائزر بہت کارآمد ہوتا ہے۔ مرہم کی شکل میں دستیاب موئسچرائزر بہتر نتائج دیتے ہیں۔ ان میں 20 سے 80فیصد تیل استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ جلد پر حفاظتی تہہ کا کام دیتے ہیں۔

خواتین اپنی خشک جلد کو روزانہ بہت پانی پی کر بھی صحت مند اور تروتازہ رکھ سکتی ہیں۔ ایسی غذا کھائیں جن میں معدینات اور حیاتین (وٹامنز) کی زیادہ مقدار ہو۔ صبح کے وقت زیادہ سے زیادہ آکسیجن اپنے اندر جذب کریں۔ گھر اور دفتر کے ماحول کی ہوا میں نمی کا خیال رکھیں اور کولڈ کریم کااستعمال بھی کریں۔ اس طرح جلد کی شادابی برقرار رہ سکتی ہے اور آپ خشک جلد کے ساتھ موسم سرما سے لطف اندوز ہوسکتی ہیں۔

تازہ ترین