بشریٰ انصاری اور نواز شریف تنازع، وجہ کیا؟
ملکِ پاکستان کی معروف لیجنڈری اداکارہ بشریٰ انصاری نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سر براہ نواز شریف کیخلاف کی گئی بات پر وضاحت پیش کر دی۔
حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ بشریٰ انصاری نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں انکا کہنا تھا کہ مجھے کچھ دن قبل میں آرٹس کونسل میں ایک تقریب میں مدعو کیا گیا۔ جہاں گفتگو کے دوران میرے والد بشیر احمد کا ذکر ہوا۔
تو میں نے ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی اور اسی دوران یہ کہہ ڈالا کہ نواز شریف کی پارٹی کا آدمی بابا جان کو رشوت دینے آیا جو انہوں نے لی نہیں ۔
لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اس آدمی کو نواز شریف نے خود نہیں بھیجا تھا۔کیونکہ یہ چیز مجھے معلوم ہے کہ ہر پارٹی میں کئی لوگ ایسے ہوتے ہیں جو یہ عمل خود سے کرتے ہیں۔
مزید یہ کہ میں نواز شریف صاحب کی بہت عزت کرتی ہوں لیکن اس وقت سوشل میڈیا پر میری بات کو جو غلط رنگ دیا جا رہا ہے اس سے میرا کوئی تعلق نہیں اور درخواست کرتی ہوں کہ یہ سب نہ کیا جائے۔
اس کے علاوہ اپنے ویڈیو پیغام میں بشریٰ انصاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہونا چاہتی اور جو میری سوچ ہے اس کے مطابق میں الیکشن کے وقت ووٹ کاسٹ کرتی ہوں۔
اور یہ بھی حقیقت ہے کہ نواز شریف نے پنجاب کا نقشہ ہی بدل دیا، عمران خان نے اسپتال بنوائے، پی پی پی نے بھی اندرونِ سندھ میں مختلف پراجیکٹس لگوائے اور ایم کیو ایم نے کراچی کو سنبھالا نہیں۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری کے والد احمد بشیر پاکستان کے مشہور صحافی، لکھاری اور فلم پروڈیوسر تھے۔ جوکہ 1923 میں پیدا ہوئے اور 2004 میں لاہور میں 81 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔