اذان نے والد عدنان سمیع سے خراب تعلقات پر خاموشی توڑ دی
گلوکار و موسیقار اذان سمیع خان نے اپنے والد اور نامور گلوکار عدنان سمیع خان کے ساتھ تعلق کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کے والد کے ساتھ خراب تعلقات تھے۔ انہوں نے 15 سال کی عمر سے 29 سال کی عمر تک اپنے والد کو نہیں دیکھا۔
موسیقار اذان سمیع خان نے حال ہی میں ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے والد کے ساتھ خراب تعلقات پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ ’والد کے ساتھ میرے اچھے تعلقات نہیں تھے، میں نے انہیں پانچ سال کی عمر سے لے کر 14 سال کی عمر تک نہیں دیکھا، پھر جب میں 14 سال کا تھا تو وہ میرے ساتھ ڈیڑھ سال تک رہے، پھر میں نے مزید 13 سال تک ان کا چہرہ نہیں دیکھا، اور اب میں نے انہیں ایک ماہ قبل دیکھا ہے۔‘
اذان سمیع نے کہا کہ انہوں نے 15 سال کی عمر سے 29 سال کی عمر تک اپنے والد کو نہیں دیکھا۔ اپنے والد کو جانے بغیر موسیقی واحد چیز تھی جس کے ذریعے میرا ان سے رابطہ قائم ہوا، اس لیے جب میں میوزک بناتا ہوں تو مجھے ایسے لگتا ہے جیسے والد میرے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں بھارت میں اپنے والد کے ساتھ رہ رہا تھا تو میرے ذہن میں خیال آیا کہ ٹھیک ہے میں اپنے والدین کے درمیان مسائل کو سمجھ سکتا ہوں لیکن میں نے آج تک ایک فیملی جیسا ماحول اپنے گھر میں نہیں دیکھا، میں نے کسی بزنس مین یا پاپ اسٹار کے بیٹے جیسی زندگی نہیں گزاری، والدہ نے میری پرورش میں بہت محنت کی ہے۔
میزبان نے جب مختصر وقت کے لیے بھارت جانے کی وجہ سے پوچھی تو اذان سمیع نے کہا کہ ’چونکہ میرے والدین کے درمیان طلاق ہوچکی تھی اور یہ بات پوری دنیا کو معلوم تھی، اس لیے والدہ چاہتی تھیں کہ میں خود اپنے والد کے بارے میں جان سکوں۔‘
یاد رہے کہ عدنان سمیع خان کو 2015 ء میں بھارتی شہریت دینے کا اعلان کیا گیا تھا، اب وہ وہیں مقیم ہیں۔ اذان سمیع خان ان کے بڑے بیٹے ہیں جو انہیں اداکارہ زیبا بختیار سے ہیں۔ عدنان سمیع خان اور زیبا بختیار نے 1993 ء میں شادی کی تھی۔ بعدازاں ان دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔ اذان سمیع خان کی پرورش ان کی والدہ اداکارہ زیبا بختیار نے کی ہے۔
عدنان سمیع خان نے دوسری شادی 2001 ء میں عرب خاتون صباح گلادری سے ہوئی، جو زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طلاق پر ختم ہوئی۔
عدنان سمیع خان نے تیسری شادی 2010 ء میں جرمن نژاد رویا علی خان سے کی جن سے انہیں مئی 2017 ء میں ایک بیٹی ہوئی اور اب وہ ان کے ہمراہ بھارت میں ہی مقیم ہیں۔



