کھیل

محمد رضوان غلط ’بوبی‘ کی نقل کرتے پکڑے گئے

Web Desk

محمد رضوان غلط ’بوبی‘ کی نقل کرتے پکڑے گئے

محمد رضوان غلط ’بوبی‘ کی نقل کرتے پکڑے گئے

باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کرنے والی بالی وڈ فلم ’انیمل‘ کے گانے ’جمال کدو‘ کا جادو پاکستانی کرکٹر محمد رضوان پر بھی چل گیا۔

رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’انیمل‘ میں اداکار بوبی دیول کی انٹری پر ایک ایرانی لوک گانا لگایا گیا جس کو فلم بینوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا اور سوشل میڈیا پر ہر کوئی اس گانے پر رِیلز بناتا نظر آیا۔

بھارت ہی نہیں بلکہ ’جمال کدو‘ کا جادو پاکستان میں بھی چلتا نظر آیا۔ کنزہ ہاشمی نے بھی بوبی دیول کے انداز میں رقص کرتے اپنی ویڈیو شیئر کی جس کو سب نے پسند کیا۔

کنزہ ہاشمی کے بعد اب ’جمال کدو‘ کے بخار میں مبتلا ہونے والوں میں وکٹ کیپر محمد رضوان کا نام بھی شامل ہوتا نظر آرہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر ایک کلاج شیئر کیا گیا ہے جس میں ایک تصویر محمد رضوان کی ہے اور دوسری ’انیمل‘ کے ’ابرار‘ یعنی بوبی دیول کی۔

جہاں مذکورہ تصویر میں ابرار جام کے گلاس کو سر پر رکھے نظر آرہے ہیں وہیں محمد رضوان نے ڈسپوزبل گلاس سر پر رکھا ہوا ہے۔

’ایکس‘ صارف نے ان دونوں تصاویر میں مماثلت دیکھتے ہوئے یہ کولاج شیئر کیا اور اس کے ساتھ لکھا کہ ’ مجھے لگتا ہے کہ رضوان یہاں غلط بوبی کی نقل کر رہے ہیں‘۔

صارفین نے اس مختصر جملے میں پاکستانی سابق کرکٹر اور محمد رضوان کے دوست بابر اعظم کا ذکر کیا۔

خیال رہے کہ بابر اعظم کا نِک نیم ’بوبی‘ ہے  اور ان کے مداح انہیں ’کنگ بوبی‘ کہتے ہیں جبکہ ان دنوں بھارت میں بوبی دیول ’لارڈ بوبی‘ کے نام سے پکارے جارہے ہیں۔

فلم ’انیمل‘ نے اپنی منفرد کہانی سے ہر جانب دھوم مچائی ہوئی ہے اور سوشل میڈیا پر فلم کے مختلف سینز، ڈائیلاگز اور گانوں کی جم کر تعریف کی جارہی ہے۔

فلم کی ریلیز سے قبل ’انیمل‘ کی تمام تر لائم لائٹ رنبیر کپور سمیٹے ہوئے تھے لیکن فلم ریلیز ہوتے ہی بوبی دیول کی اداکاری سے فلم بین اس قدر متاثر ہوئے کہ سوشل میڈیا پر ’لارڈ بوبی‘ ٹرینڈ کرنے لگ گیا۔

تازہ ترین