ٹیکنالوجی

اے آئی کی دنیا کی معروف شخصیت سیم آلٹمین کون؟

Web Desk

اے آئی کی دنیا کی معروف شخصیت سیم آلٹمین کون؟

 
اے آئی کی دنیا کی معروف شخصیت سیم آلٹمین کون؟

آرٹیفیشل انٹیلی جینس (اے آئی) چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی بنانے والی کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے برطرف کیے گئے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) سیم آلٹمین کو دوبارہ کمپنی کا حصہ بنا لیا ہے۔

 سیم آلٹمین کو 17 نومبر کو اوپن اے آئی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے عہدے سے فارغ کردیا تھا۔ 

بورڈ نے انہیں برطرف کرنے کی وجہ یہ بتائی تھی کہ وہ بورڈ کے ساتھ رابطوں میں کھل کر مؤقف پیش نہیں کرتے تھے اور ان کا یہ رویہ ذمہ داریوں کو انجام دینے میں رکاوٹ تھا۔

 اس برطرفی کے بعدامریکا کی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے سیم آلٹمین کو اپنی کمپنی کا حصہ بنا لیا تھا۔ مگر اس پیش رفت کے ایک روز بعد ہی اوپن اے آئی اور سیم آلٹمین کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

مائیکروسافٹ کے اوپن اے آئی میں پہلے ہی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ سان فرانسسکو میں موجود کمپنی اوپن اے آئی نے منگل کو رات گئے ایک بیان میں اعلان کیا کہ ہم اصولی طور پر سیم آلٹمین کے ساتھ ایک معاہدے پر پہنچ گئے ہیں جس میں وہ ایک نئے بورڈ کے ساتھ بطورِ سی ای او اوپن اے آئی میں واپس آئیں گے۔

 خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اوپن اے آئی کا یہ نیا بورڈ اس بورڈ کی جگہ لے گا جس نے سیم آلٹمین کو برطرف کیا تھا۔ نئے بورڈ کی سربراہی بریٹ ٹیلر کریں گے جو ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریدے جانے سے قبل اس کے بورڈ کی سربراہی بھی کر رہے تھے۔ 

بورڈ کے دیگر ارکان میں امریکا کے سابق وزیرِخزانہ لیری سمرز اور آن لائن پلیٹ فارم ’کورا‘ کے سی ای او ایڈم ڈی اینجیلو شامل ہوں گے۔

 اوپن اے آئی کے سابقہ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ڈی انجیلو بھی شامل تھے، جنہوں نے سیم آلٹمین کو نکالنے کی کوئی خاص وجوہات نہیں بتائی تھیں۔ سیم آلٹمین کی برطرفی نے کمپنی میں اندرونی اختلافات کو جنم دیا تھا جب کہ کمپنی پر اس کے سرمایہ کاروں کی جانب سے بیرونی دباؤ بھی بڑھ گیا تھا۔

 اس معاملے نے سیم آلٹمین اور کمپنی کے بورڈ اراکین کے درمیان اختلافات کو بھی بڑھا دیا تھا۔ بورڈ اراکین اس بارے میں بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ جیسے جیسے اے آئی ترقی کر رہی ہے اس کے حفاظتی خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔

سیم آلٹمین کی اوپن اے آئی سے برطرفی کے بعد 770 ملازمین پر مشتمل کمپنی کے ملازمین کی اکثریت نے دھمکی دی تھی کہ اگر سیم آلٹمین کو برطرف کرنے والے بورڈ کو فارغ نہیں کیا جاتا تو وہ بھی سیم آلٹمین کی پیروی کرتے ہوئے اوپن اے آئی چھوڑ دیں گے۔ 

ملازمین کی جانب سے میڈیا کو جاری ایک خط میں بورڈ کے حوالے سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ آپ کے اقدامات نے ثابت کر دیا ہے کہ آپ اوپن اے آئی کی نگرانی کرنے کے اہل نہیں ہیں۔

 اس کے ساتھ ملازمین نے کہا تھا کہ مائیکروسافٹ نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ مائیکروسافٹ کے ماتحت ایک نئی اے آئی کمپنی کے پاس یہاں کے تمام ملازمین کے لیے مواقع موجود ہے۔

سیم آلٹمین کو اوپن اے آئی کے تحت نومبر 2022 میں ’چیٹ جی پی ٹی‘ متعارف کرانے کے بعد شہرت ملنا شروع ہوئی تھی۔ اوپن اے آئی نے رواں برس مارچ میں اس کا جدید ترین ورژن ’چیف جی پی ٹی فور‘ متعارف کرایا تھا۔

تازہ ترین