لوگ نیند کے دوران بھی کام کرسکتے ہیں؟
ایک امریکی اسٹارٹ اپ کا کہنا ہے کہ اس کی ہیڈبینڈ ڈیوائس کی مدد سے لوگ سوتے وقت بھی کام کرسکیں گے۔
’پروفیٹک‘ نامی کمپنی کی ہالو ڈیوائس واضح خواب دکھانے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے، جس سے پہننے والوں کو سونے کا احساس ہوتا ہے اور وہ اپنے تجربے کو کنٹرول کرسکتے ہیں۔ پروفیٹک کے مطابق ہالو ’غیرجارحانہ نیوروسٹیمولیشن آلہ‘ ہے جو مختلف مسائل کو حل کرنے کے لیے حتمی تجربہ گاہ پیش کرتا ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ صرف پہننے والے کا تخیل ہی اس کی صلاحیت کو محدود کرنے والا عنصر ہے۔
اس کا مقصد خواب دیکھنے کی حالت کو فعال کرنے کے لیے فوکسڈ الٹرا ساؤنڈ سگنلز کا استعمال کرنا ہے، جس کے بارے میں کمپنی کے بانی ایرک وولبرگ کا دعویٰ ہے کہ اس کے بعد کارکنوں کو ڈیمو مشق کرنے یا مشکل کاموں کے لیے تخلیقی حل نکالنے کا موقع مل سکتا ہے۔
اسٹارٹ اپ کی ویب سائٹ پر کہا گیا کہ ’’واضح خوابوں میں، آپ طبیعیات (فزکس) کے روایتی قوانین سے آزاد ہو جاتے ہیں جیسے کہ کشش ثقل، (قانون) بقائے توانائی اور (قانون) بقائے مادہ۔ اس کی وجہ ہے کہ سائنس، ریاضی اور آرٹ میں تاریخ کی نامور شخصیات اپنی سب سے اہم دریافتوں کا سہرا اپنے واضح خوابوں کو دیتی ہیں۔‘‘
کمپنی پہلے ہی ہیڈ بینڈ تیار کرنے کے لیے 10 لاکھ ڈالر سے زیادہ جمع کرچکی ہے اور مبینہ طور پر ایلون مسک کی نیورالنک ڈیوائس کے ڈیزائنرز میں سے ایک کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
نیورو سائنس دانوں کا اندازہ ہے کہ تقریباً 70 فیصد لوگ اپنی زندگی میں کم از کم ایک بار واضح خواب دیکھنے کا تجربہ کریں گے۔ حالیہ تحقیق میں اس بات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے کہ انہیں کس طرح دکھایا جائے۔ 2017 ء میں ایڈیلیڈ یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے تین تکنیکوں کا تجربہ کیا تھا، جو ان کے وقوع پذیر ہونے کے امکانات کو بڑھا سکتی ہیں۔
پہلے مرحلے میں دن میں کئی بار آپ کے ماحول کی جانچ پڑتال کرنا شامل ہے تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ کیا آپ خواب دیکھ رہے ہیں، دوسرے میں آپ کو ترغیب دی جاتی ہے کہ سونے کے پانچ گھنٹے بعد کا الارم لگائیں اور نیند کے آر ای ایم (ریپڈ آئی موومنٹ) یعنی نیند کا وہ مرحلہ، جہاں زیادہ تر خواب آتے ہیں، کے لیے سو جائیں، جبکہ تیسرے میں لوگوں کو یہ فقرہ دُہرانا ہوتا ہے کہ اگلی بار جب میں خواب دیکھوں گا، مجھے یاد رہے گا کہ میں خواب دیکھ رہا ہوں۔‘
تجربات سے پتہ چلا کہ تیسری تکنیک کو آزماتے وقت 46 فیصد شرکا نے واضح خواب دیکھے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایسی تکنیک موجود ہیں، جو واضح خواب دیکھنے کے امکانات کو بہتر بناسکتی ہیں۔
پروفیٹک پہلا اسٹارٹ اپ نہیں ہے جس نے واضح خواب دیکھنے کی صلاحیت کا وعدہ کیا، لیکن کوئی بھی ابھی تک ایسی مصنوعات نہیں لاسکا جس سے صارفین مستقل تجربہ کرسکیں۔ ’’فارچیون‘‘ میگزین کے مطابق 2025ء میں لانچ ہونے پر پروفیٹک کی ہالو ڈیوائس کی قیمت 1,500 اور 2,000 ڈالر کے درمیان متوقع ہے۔
فارچیون میگزین کے مطابق 2025ء میں لانچ ہونے والے ہالو ڈیوائس کی قیمت 1500 ڈالر سے 2000 ڈالر کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔ صارفین 100 ڈالر کے ساتھ اپنے لیے ایک (ڈیوائس) بک کروا سکتے ہیں۔
