انفوٹینمنٹ

عائزہ خان ’جانِ جہاں‘ کی شوٹ کے دوران حادثے کا شکار

Web Desk

عائزہ خان ’جانِ جہاں‘ کی شوٹ کے دوران حادثے کا شکار

عائزہ خان ’جانِ جہاں‘ کی  شوٹ کے دوران حادثے کا شکار

پاکستانی اداکارہ عائزہ خان نے اپنے نئے ڈرامے ’جانِ جہاں‘ کی شوٹنگ کے دوران حادثے کا شکار ہونے کا انکشاف کردیا۔

سال 2013 میں ٹی وی اسکرین کی زینت بننے والے مقبول ترین ڈرامے ’پیارے افضل‘ میں عائزہ خان اور حمزہ علی عباسی بطور جوڑی کاسٹ کیے گئے تھے اور اب 10 سال بعد دونوں پھر ایک ساتھ بطور جوڑی ڈراما ’جانِ جہاں‘ میں نظر آرہے ہیں۔

ڈرامے کا آغاز رواں ہفتے ہوا اور ناظرین کو حمزہ اور عائزہ کی اداکاری اور جادوئی کیمسٹری بے حد پسند آرہی ہے۔

حال ہی میں عائزہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے ڈرامے کے سیٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ ایک آگ لگی شال کو اٹھا کر پھینکتی ہوئی نظر آتی ہیں۔

مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب عائزہ خان آگ لگی ہوئی شال کو پھینک رہی ہوتی ہیں تو اسی دوران آگ کے کچھ شعلے زمین پر پھیل جاتے ہیں۔

ویڈیو میں نظر آنے والا اگلا منظر بے حد خطرناک ہے کیونکہ جیسے ہی عائزہ اپنے قدم پیچھے لیتی ہیں تو ان کے پاؤں ان آگ کے شعلوں پر پڑتے ہیں لکین اسی وقت ایک خاتون ان کو نام سے پکارتی ہیں اور عائزہ فوری طور پر وہاں سے ہٹ کر خود کو بچا لیتی ہیں۔

حادثے سے بال بال بچتی عائزہ خان نے اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’ اداکار بننا کوئی آسان کام نہیں، جب ہدایتکار لفظ ایکشن کہتا ہے تو ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ آگے کیا ہونے والا ہے اور بس اپنی بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کرتے ہیں‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’ کبھی کبھار  سیٹ پر کچھ ایسے حادثے بھی پیش آجاتے ہیں جو ناظرین نہیں دیکھ پاتے لیکن اللہ ہماری حفاظت کر رہا ہوتا ہے اور میں اللہ کی انتہائی شکرگزار ہوں کہ وہ ہر ایک دن میری حفاظت کرتا ہے‘۔

علاوہ ازیں انہوں نے مداحوں کی جانب سے ملنے والے پیار پر ان کا دل سے شکر ادا کیا اور اپنی بہترین پرفارمنس کا سہرا اپنے پرستاروں کے سر سجادیا۔

تازہ ترین