منور فاروقی اور عائشہ کیلئے نزیلہ 'مکافاتِ عمل' کی منتظر؟
بھارتی شو بگ باس 17 کے کنٹیسٹنٹ منور فاروقی کی گرل فرینڈ نزیلہ ستائشی نے دورانِ شو سوشل میڈیا انفلوئنسر عائشہ خان کے بے ہوش ہوجانے پر نام لیے بغیر بیان جاری کردیا۔
رواں ہفتے بگ باس کے گھر میں کنٹیسٹنٹ عائشہ خان کی طبیعت 'ویکنڈ کا وار' کے بعد بگڑگئی اور ان کا بلڈ پریشر 46 ہوجانے کے سبب انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑگیا۔
دراصل 'ویکنڈ کا وار" میں سلمان خان نے عائشہ پر منور فاروقی کو بدنام کرنے کا الزام لگایا تھا اور انکو کہا کہ وہ منور کا نام استعمال کرکے شہرت حاصل کرنا چاہتی ہیں۔
اسی قسط میں منور فاروقی دو ہفتے محبت اور شادی کے عہد و پیمان کرنے کے بعد سلمان خان کے سامنے ہر بات سے انکاری ہوگئے جس کو سن کر عائشہ اپنے ضبط پر قابو نہ رکھ سکیں اور زار و قطار روتی نظر آئیں اور پھر ان کی طبیعت بگڑ گئی۔
عائشہ اور منور کی لڑائی کے رشتے پر اٹھتے سوالوں کے درمیان نزیلہ ستائیشی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک مختصر دورانیے کے لائیو سیشن کا انعقاد کیا جس میں وہ بغیر نام لیے عائشہ خان اور منور فاروقی کے متعلق بات کرتی نظر آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ' اگر کوئی برا ہے یا پھر اس نے کچھ غلط کیا ہے تب بھی اس کے حوالے سے نفرت نہ پھیلائیں کیونکہ ہر شخص کو اپنی غلطی کے سبب مکافاتِ عمل کا سامنا ایک نہ ایک دن کرنا پڑتا ہے اور وہ لازمی ہے'۔
نزیلا ستائشی نے کہا کہ ' میں نئے سال کیلئے پُرامید ہوں اور یہ وثوق سے کہہ سکتی ہوں کہ یہ نیا سال بے انتہا خوشگوار ثابت ہوگا اور اس سال کا آغاز بھی بہت اچھا ہوا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ ' جس نے جو کچھ کیا اس کو بھول جائیں اور کوشش کریں کے کسی کے بھی متعلق منفی الفاظ کا استعمال ہرگز نہ کریں کیونکہ ہر کوئی اپنے گناہوں کی فصل خود کاٹ لیتا ہے'۔
انہوں نے مزید کہا کہ ' میں بے حد پریشان تھی، ذہنی دباؤ کا شکار تھی لیکن اب میں بالکل ٹھیک ہوں۔ آپ دنیا میں سب کو خوش نہیں رکھ سکتے لیکن کسی کی بھی برائی نہ کریں کیونکہ ہم نہیں جانتے کے وہ شخص کن حالات سے گزر رہا ہے'۔
خیال رہے کہ زیرِ گفتگو قسط میں جہاں عائشہ کے ساتھ پیش آنے والے اس پورے حادثے کو دیکھ کر تمام کنٹیسٹنٹ شدید پریشان نظر آئے وہیں عائشہ سے محبت کے دعوے کرنے والے منور فاروقی کے پل پل بدلتے چہرے کے تاثرات نے ناظرین کو شدید آگ بگولا کردیا۔
پورے شو میں کہیں منور روتے نظر آئے تو متعدد جگہ اسپتال میں علاج کیلئے روانہ کی گئی عائشہ پر الزام لگاتے اور اپنی باتیں بتاتے ہوئے ہنستے ہوئے نظر آئے اور اس عائشہ خان کی شو میں واپسی کے بعد منور نے ایک مرتبہ پھر ان کی جانب جھکاؤ دکھانا شروع کردیا ہے۔



