بگ باس 17، ابھیشیک نے سمارتھ جیورل کو تھپڑ جڑ دیا
بھارتی ریئیلٹی شو بگ باس 17 کی حالیہ جاری قسط میں کنٹیسٹنٹ و اداکار ابھیشیک کمار نے لڑائی کے دوران کنٹیسٹنٹ سمارتھ جیورل کو تھپڑ رسید کردیا۔
تنازعات سے بھرپور سیزن 17 کی گزشتہ روز نشر ہونے والی قسط میں ابھیشیک کمار اپنی سابقہ گرل فرینڈ ایشا مالویا اور انکے بوائے فرینڈ سمارتھ کے ساتھ لڑتے ہوئے نظر آئے اور یہ لڑائی روایت کی طرح خراب سے خراب تر ہوتی چلی گئی۔
دراصل ابھیشیک اور ایشا ماضی میں محبت کے رشتے میں بندھے ہوئے تھے لیکن پھر دونوں کا بریک اپ ہوگیا اور ایشا نے سمارتھ جیورل کا انتخاب کیا۔
اگرچہ دونوں ہی بریک اپ کا ذکر کرتے ہوئے ایک دوسرے پر الزام لگاتے نظر آتے ہیں لیکن ایشا اور ابھیشیک کے ساتھی اداکار پریانکا اور انکت گوپتا گھر کے باہر ابھیشیک کی حمایت ہی کرتے نظر آرہے ہیں۔
شو میں متعدد مرتبہ ایشا، ابھیشیک اور سمارتھ کی شدید لڑائی ہوچکی ہے لیکن گزشتہ روز ابھیشیک اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور سمارتھ پر ہاتھ اٹھا دیا۔
دراصل ایشا اور ابھیشیک ماضی کی بات کرتے ہوئے ایک دوسرے کو منفی جملوں سے نواز رہے تھے جبکہ سمارتھ مستقل ابھیشیک کو غصہ دلانے کی کوشش کررہے تھے۔
ایشا نے ابھیشیک کی ذہنی حالت کا تمسخر اڑاتے ہوئے کہا کہ ' تم پاگل ہو، تمھارے والد کو بھی پتہ ہے کہ تم پاگل ہو بچپن سے ہی'۔
اس پر ابھیشیک نے کہا کہ ' میں تمھارے پیار میں ہی پاگل ہوا تھا۔ تم نے مجھے پاگل کر کے چھوڑ دیا تھا۔ تمھاری حرکتیں تمھاری والدہ بھی جانتی ہیں'۔
دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ جاری تھا کہ کرسی پر کھڑے سمارتھ جیورل نے ابھیشیک کے منہ میں ٹشو پیپر ڈال دیا جس پر ابھیشیک نے غصے میں سمارتھ کو تھپڑ رسید کردیا۔
اس واقعہ کو اپنی آنکھ سے دیکھنے والے تمام کنٹیسٹنٹ ابھیشیک کمار پر بھڑک اٹھے اور انہیں تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے۔
واضح رہے کہ ایشا اور ابھیشیک پہلی مرتبہ ڈراما 'اوڈاریاں' کے سیٹ پر ملے تھے۔ ڈرامے میں دونوں کو بطور جوڑی کاسٹ کیا گیا تھا اور اسی سیٹ پر دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہوگئے تھے۔ بعدازاں دونوں کے بریک اپ کے درمیان ابھیشیک ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے تھے اور 6 مہینے اپنے بستر پر بیمار پڑے رہے تھے۔