عروہ حسین اور فرحان سعید کے ہاں ’ننھی پری’ کی آمد
ننھی پری کا کیا نام رکھا؟
پاکستان شوبز انڈسٹری کی فنکار جوڑی اداکارہ عروہ حسین اور گلوکار و اداکار فرحان سعید کے ہاں ننھی پری کی پیدائش ہوگئی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ عروہ حسین اور فرحان سعید نے ایک مشترکہ اور خوبصورت پوسٹ کے ساتھ اپنے پرستاروں کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بیٹی کا خیر مقدم کیا ہے۔
دو تصاویر پر مبنی اس دلکش پوسٹ میں اس جوڑا نے اپنی نومولود بیٹی کا ننھا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں تھام رکھا ہے جبکہ اسی کے ساتھ دوسری تصویر میں عروہ اور فرحان اپنی ننھی کلی کو گود میں لیے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔
پوسٹ کا اشتراک کرتے ہوئے عروہ نے اپنی بیٹی کی پیدائش کا دن بتاتے ہوئے مداحوں کو نام سے بھی آگاہ کردیا۔
طویل کیپشن میں عروہ حسین نے اپنی بچی کی آمد کا اعلان کیاجس کا نام ’جہاں آرا سعید’ رکھا گیا ہے اور بچی کی پیدائش 3 جنوری 2024 کو ہوئی تھی۔
عروہ نے اللہ کا شکر اداکرتے ہوئے اپنی بیٹی کو نعمت قرار دیا اور قرآنی آیت کا حوالہ دیا جسکا ترجمہ اس طرح تھا کہ،’اور تم اپنے رب کی کون کون سی نعمت کو جھٹلاؤ گے۔’
اداکارہ نے مزید لکھا کہ،’خوشی، نعمت اور ہماری زندگی کا سب سے قیمتی تحفہ آ گیا ہے! "جہاں آرا سعید"، ہماری آنکھوں کا تارا جسے ہم پیار سے "آرا" کہیں گے! آپ ہمیشہ کے لیے ہمارے دلوں کی ملکہ ہیں! ہمارے لیے ناقابل تصور خوشی اور شکر گزاری لانے کے لیے آرا کا شکریہ! ’۔
عروہ نے اپنی لازوال خوشی کو اپنے الفاظ میں پروتے ہوئے مزید لکھا کہ،’آپ کی پیدائش کے ساتھ ہی یہ ہمارا بھی دوبارہ جنم ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ آپ سے سیکھیں گے اور آپ کے لیے ہر روز بہتر اور بہتر والدین بنیں گے! آپ پروان چڑھیں، کھلیں، اپنے پاکیزہ دل کے ساتھ ہر جگہ کو روشن کریں، بلند و بالا پرواز کریں اور جب بھی آپ پیچھے مڑیں تو ہمیں ہمیشہ اپنے پیچھے پائیں! ہماری دنیا میں خوش آمدید آرا’۔
جیسے ہی پوسٹ منظر عام پر آئی مداحوں اور شوبز سے وابستہ نامور شخصیات کی جانب سے اس جوڑے کو ننھی پری کا دنیا میں استقبال کرنے پر بے پناہ محبت اور مبارک باد دینےکا نا تھمنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔
یاد رہے کہ اداکارہ عروہ حسین اور فرحان سعید کی شادی 2016 میں اسلام آباد میں ہوئی تھی۔ ان کی شادی میں فواد خان، سجل علی، ریشم، ماورا حسین، نعمان اعجاز سمیت کئی نامور پاکستانی شخصیات نے شرکت کی تھی۔


