کھیل

پی ایس ایل 9 ترانہ، علی ظفر نے ووٹنگ شروع کردی

مداحوں کی بڑی تعداد کی رائے شامل

Web Desk

پی ایس ایل 9 ترانہ، علی ظفر نے ووٹنگ شروع کردی

مداحوں کی بڑی تعداد کی رائے شامل

پی ایس ایل 9 ترانہ، علی ظفر نے  ووٹنگ شروع کردی

پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ 9 کے آغاز سے قبل ترانے کیلئے اہم ووٹنگ شروع کردی۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر گلوکار علی ظفر نے پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے دو آپشن کےساتھ ووٹنگ کے ذریعے اپنے پرستاروں کی پی ایس ایل کے ترانے سے متعلق  رائے طلب کرلی۔

پوسٹ میں علی ظفر نے پاکستان سپرلیگ 9 کے ترانے کے حوالے سے سوال کیا کہ’کیا آپ کو لگتا ہے کہ اگر میں نے اس سال پی ایس ایل کا ترانہ گایا تو اس سے پاکستان سپر لیگ  اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے برانڈ کا امیج بڑھے گا؟ لوگوں سے تعلق گہرا ہوگا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو زیادہ مالی فائدہ پہنچے گا؟’

علی ظفر نے اپنے سوال پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے طلب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ’ اپنے ووٹ کے ساتھ ایماندار بنیں، مجھے کوئی انا نہیں ہے اور مجھے کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ میں صرف یہ دیکھنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے لوگ کیا سوچتے ہیں اور ان کی خواہشات کیا ہیں بمقابلہ اثر و رسوخ یا طاقت کے عہدوں پر فائز چند افراد’۔

اسی کے ساتھ گلوکار نے ووٹنگ کیلئے دو آپشن رکھے اور مزید لکھا کہ’یہ ٹوئٹ پوسٹ کرنے کی وضاحت میں بعد میں دونگا ابھی صرف آپکی رائے درکار ہے’۔

پی ایس ایل کے پچھلے سیزن کے ترانوں کا احوال:

خیال رہے کہ گلوکار علی ظفر نے 2015 پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2016 میں ’اب کھیل کے دکھا‘ گایا تھا، پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2017 میں’اب کھیل جمے گا‘ گایا تھا جبکہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2018 میں ’دل سے جان لگا دے‘ گایا تھا۔

علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل کے اِن تمام ترانوں کو شائقین کرکٹ نے بےحد پسند کیا تھا۔

بعد ازاں چوتھے ایڈیشن میں فواد خان نے ’کھیل دیوانوں کا‘ میں اپنی آواز کا جادو جگایا، پانچویں پی ایس ایل کے آفیشل ترانے ‘تیار ہیں’ میں پاکستان کے چار نامور گلوکاروں علی عظمت، عارف لوہار، ہارون راشد اور عاصم اظہر نے آواز کا جادو جگایا۔

پی ایس ایل کے سیزن 6 کا ترانہ 'گروو میرا' آئمہ بیگ، نصیبو لال اور ایک ہپ پاپ بینڈ ینگ سٹنرز نے گایا تھا ۔

پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے ترانے میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز سے شائقین کرکٹ کو مسحور کیا۔

گزشتہ برس منعقد ہونے والے پی ایس ایل 8 کے آفیشل ترانے میں گلوکارہ شائے گل، عاصم اظہر اور فارس شفیع نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

علی ظفر کے ترانوں کے بعد سے جتنے بھی ترانے پیش کیے گئے وہ شائقین کرکٹ کو زیادہ متاثر نہ کرسکے، وہ ہمیشہ علی ظفر کو ہی یاد کرتے دکھائی دیے۔

پی ایس ایل شیڈول:

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 17 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا، افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

تازہ ترین