بالی ووڈ

ٹوئنکل کھنہ کے گریجویشن پر اکشے کمار کا جذباتی پیغام

Web Desk

ٹوئنکل کھنہ کے گریجویشن پر اکشے کمار کا جذباتی پیغام

ٹوئنکل کھنہ کے گریجویشن پر اکشے کمار کا جذباتی پیغام

بالی وڈ اداکار اکشے کمار نے اپنی اہلیہ و اداکارہ ٹوئنکل کھنہ کی گریجویشن سریمنی کی تصویر کے ساتھ جذباتی پیغام جاری کردیا۔

گزشتہ روز ٹوئنکل کھنہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی جو ان کی خود کی گریجویشن سریمنی کی ہے۔

ٹوئنکل کھنہ نے لندن کی ’گولڈاسمتھ یونیورسٹی‘ میں دو سال تعلیم حاصل کرنے کے بعد گریجویشن کی سند حاصل کرلی ہے۔

اداکارہ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں وہ سبز ساڑھی میں ملبوس ہیں اور گریجوئیشن کی مناسبت سے سیاہ گاؤن اور کیپ پہنی ہوئی ہیں۔

اہلیہ کے اس بڑے کارنامے پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اکشے کمار نے بھی ٹوئنکل کھنہ کے ساتھ ایک تصویر جاری کی جس کے کیپشن میں وہ اہلیہ کی تعریف کے پُل باندھتے نظر آئے۔

انہوں نے لکھا کہ ’ دو سال قبل جب آپ نے مجھ سے کہا تھا کہ آپ اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتی ہیں تو میں حیران ہو گیا تھا کہ جو آپ کہہ رہی ہو اس کو غور و فکر کے بعد ہی کہہ رہی ہیں کہ نہیں‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’ لیکن میں نے آپ کو بے انتہا محنت کرتے اور تعلیم کے ساتھ ساتھ پورا گھر سنبھالتے دیکھا۔ میں جانتا تھا کہ میں نے ایک سپر وومین سے شادی کی ہے‘۔

اکشے کمار نے مزید لکھا کہ ’ آج یہ خواہش بھی میرے دل میں امڈ رہی ہے کہ کاش میں بھی تھوری زیادہ تعلیم حاصل کی ہوتی تو آج زیادہ بہتر الفاظ میں یہ بتا سکتا کہ میں آج آپ پر کتنا فخر محسوس کررہا ہوں۔ ٹینا بہت مبارک ہو‘۔

واضح رہے کہ اکشے اور ٹوئنکل نے 17 جنوری 2001 کو دھوم دھام سے شادی کی۔ ان کی  زندگی میں پہلے بیٹے کی پیدائش 2002 میں ہوئی جبکہ بیٹی نیتارا 2012 میں پیدا ہوئی۔

تازہ ترین