سعودی عرب میں ’شراب اسٹور‘ کھولنے کی تیاری
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ملک کے پہلے الکوحل اسٹور کے افتتاح کی تیاری کی جارہی ہے ۔
غیر ملکی میڈیا رپوررٹس کے مطابق سعودی حکومت نے یہ اقدام خصوصی طور پر غیر مسلم سفارت کاروں کے لیے اٹھایا ہے۔
خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس اسٹور تک رسائی حاصل کرنے کے لیے صارفین کو موبائل ایپ کے ذریعے اندراج کرنا ہوگا، بعد ازاں وزارت خارجہ سے کلیئرنس کوڈ حاصل کرنے کے بعد اپنی خریداریوں کے حوالے سے ماہانہ کوٹہ بتانا ہوگا۔
کہا جارہا ہے کہ یہ اقدام سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں مملکت کو ترقی یافتہ اور جدید بنانے کے سلسلے میں اٹھایا گیا ہے، گزشتہ دہائیوں میں مسلمانوں کے مقدس ملک سعودی عرب میں سیاحت اور کاروبار کے فروغ کے سلسلے میں بہت سے جدید اقدامات کیے گئے ہیں جو اسلامی تعلیمات کی منافی ہیں۔
سعودی عرب کا پہلا الکوحل اسٹور ریاض کے ڈپلومیٹک کوارٹر میں ہے، اس علاقے میں سفارت کار رہتے ہیں، اس اسٹور کو محض غیر مسلم ہی استعمال کرسکیں گے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا دیگر غیر مسلم تارکین وطن کی بھی اس اسٹور تک رسائی ممکن ہوگی یا نہیں کیونکہ سعودی عرب میں لاکھوں تارکین وطن مقیم ہیں لیکن ان میں سے زیادہ تر ایشیا اور مصر سے تعلق رکھنے والے مسلمان ہیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں شراب نوشی کے خلاف سخت قوانین ہیں جن کی سزا سینکڑوں کوڑے، ملک بدری، جرمانے یا قید ہو سکتی ہے ۔
سعودی عرب میں شراب صرف سفارتی ڈاک کے ذریعے یا بلیک مارکیٹ میں دستیاب ہے۔