اسکینڈلز

پوجا بھٹ کا انکیتا لوکھنڈے کا نام لیے بغیر وار

Web Desk

پوجا بھٹ کا انکیتا لوکھنڈے کا نام لیے بغیر وار

پوجا بھٹ کا انکیتا لوکھنڈے کا نام لیے بغیر وار

بھارتی ریئیلیٹی شو 'بگ باس' کے 17ویں سیزن میں بطور مہمان شرکت کرنے والی اداکارہ پوجا بھٹ نے انکیتا لوکھنڈے کا نام لیے بغیر کھری کھری سنا ڈالی۔

16ویں ہفتے کے ساتھ بگ باس کا ستراواں سیزن اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے اور 28 جنوری کو اس سیزن کے فاتح کا نام سب پر آشکار کیا جائیگا۔

ٹاپ 5 میں اپنی جگہ بنانے والوں میں اسٹینڈ اپ کامیڈین منور فاروقی، ڈراما و فلم اداکارہ انکیتا لوکھنڈے، فلم اداکارہ منارا چوپڑا، ڈراما اڈاریاں میں امرک سنگ کا کردار نبھانے والے ابھیشیک کمار اور گیمر ارون ماہاشیٹی شامل ہیں۔

گرینڈ فنالے سے ایک روز قبل بگ باس کے ٹاپ 5 کنٹیسٹنٹس کی حمایت کرنے ایک ایک نامور شخصیت شو کا حصہ بنی اور اس کنٹیسٹنٹ کی حوصلہ افزائی کرتی نظر آئی۔

انکیتا لوکھنڈے کے لیے انکی قریبی سہیلی و اداکارہ امروتا تشریف لائیں اور انکیتا کے غلط اور صحیح دونوں پر ہی ان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں معافی مانگنے سے سختی سے منع کیا اور کہا کہ ' تم کیوں بار بار معافی مانگ رہی ہو، کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں ہے'۔ 

بعدازاں منارا چوپڑا کے لیے بالی وڈ اداکارہ و بگ باس او ٹی ٹی ورژن کی کھلاڑی پوجا بھٹ آئیں اور آتے ہی منارا چوپڑا کے سر پر ہاتھوں کے اشارے سے تاج کو صحیح کرکے پہنانے کی اداکاری کی اور کہا کہ ' یہ میں نے آپ کے سر پر سجا تاج صحیح کیا ہے کیونکہ اصلی ملکائیں ایک دوسرے کیلئے ایسے ہی کرتی ہیں'۔

اس کے بعد پوجا بھٹ نے منارا چوپڑا کے بگ باس کے سفر اور ان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سچی کھلاڑی قرار دیا۔

انہوں نے چند روز قبل انکیتا لوکھنڈے، ایشا مالویا اور عائشہ خان کی جانب سے منارا چوپڑا کے لیئے نازیبا الفاظ کا استعمال کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ' میں نے دیکھا کہ کس طرح منارا کیلئے نازیبا باتیں کی گئیں لیکن انہوں نے اپنی اچھی تربیت کی عکاسی کی'۔

پوجا بھٹ نے یہ بھی کہا کہ ' یہاں شو میں شادی شدہ لوگ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے زندگی میں کچھ ایسا جیت لیا ہے جو غیر شادی شدہ کے پاس نہیں اس لیے وہ ناکام ہیں۔ میں نے بھی یہ سب برداشت کیا ہے لیکن میں ان سب کو بتانا چاہتی ہوں کے شادی نہ ہونے کا انسان کی فتح سے کوئی تعلق نہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ آپ ایک اچھی شخصیت کے مالک ہیں کہ نہیں اور زندگی میں کون کونسی کامیابی حاصل کر چکے ہیں'۔

علاوہ ازیں انہوں نے نام لیے بغیر یہ بھی کہا کہ جو لوگ آپ کے اور منور کی دوستی پر انگلی اٹھاتے ہیں ان سے نہ ڈریں، نظر انداز کریں کیونکہ وہ آپ سے جلتے ہیں۔ بے فکر ہوکر اپنی دوستی جاری رکھیں کسی کی پریشانی نہ لیں، باہر کامیابی آپ کی منتظر ہے'۔

اگرچہ پوجا بھٹ نے منارا کی تعریف کرتے ہوئے ان پر لگے تمام الزامات کے منہ توڑ جوابات دیے اور اس دوران کسی دوسرے کھلاڑی کا نام نہیں لیا لیکن شو کے ناظرین اسے انکیتا لوکھنڈے سے ہی وابستہ کر رہے ہیں۔