انفوٹینمنٹ

’ہیرا منڈی‘ کا عالیشان سیٹ کتنا بڑا ہے؟

سنجے لیلا بھنسالی اپنے ہر پراجیکٹ کو پرفیکٹ بنانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔

Web Desk

’ہیرا منڈی‘ کا عالیشان سیٹ کتنا بڑا ہے؟

سنجے لیلا بھنسالی اپنے ہر پراجیکٹ کو پرفیکٹ بنانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔

’ہیرا منڈی‘ کا عالیشان سیٹ کتنا بڑا ہے؟

بالی وڈ کے معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی پاکستان کے شہر لاہور کے تاریخی محلے ہیرا منڈی پر ایک ویب سیریز بنا رہے ہیں جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

’دیوداس‘ اور ’باجی راؤ مستانی‘ جیسی فلمیں بنانے والے سنجے لیلا بھنسالی جب بھی کسی نئے پراجیکٹ پر کام کرتے ہیں تو وہ اسے پرفیکٹ بنانے کی ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔

ہیرا منڈی جیسے تاریخی موضوع پر ویب سیریز کو  ہدایتکار نے اپنے سفر کا ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے تو زرا اندازہ لگائیں کہ وہ اس سیریز کیلئے کیا کچھ کرتے ہوں گے، اس کی دیگر تفصیلات تو ابھی سامنے نہیں آئیں تاہم ایک یہ انکشاف ضرور ہوا ہے کہ ہیرا منڈی ویب سیریز کیلئے  ایک عظیم الشان سیٹ تیار کیا گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق اس بڑے پراجیکٹ کے قریبی ذرائع سے پتہ چلتا ہے کہ ہیرامنڈی کے لیے تقریباًایک لاکھ 60  ہزار مربع فٹ کا ایک بڑا سیٹ تیار کیا گیا ہے اور سنجے لیلا بھنسالی ذاتی طور پر اس کا جائزہ لے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ فروری 2023 میں نیٹ فلکس انڈیا کی جانب سے ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کی پہلی جھلک جاری کی گئی تھی، اس ویب سیریز میں سوناکشی سنہا، ادیتی راؤ حیدری، منیشا کویرالا، شرمین سہگل، سنجیدہ شیخ اور ریچا چڈھا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

سنجے لیلیٰ بھنسالی نے 2021 میں’نیٹ فلیکس‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں ان کے دوست معین بیگ نے 14 سال قبل ’ہیرا منڈی‘ کی کہانی دی تھی،’ہیرا منڈی‘ سیریز کی کہانی تقسیم ہند سے قبل کی ہے، جس وقت لاہور متحدہ ہندوستان کا حصہ تھا۔

فلم ساز نے بتایا کہ ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں دکھایا جائے گا کہ ماضی میں جسم فروشی کے اڈّوں پر کس طرح آرٹ اور ثقافت کی ترویج ہوتی تھی اور کس طرح وہیں سیاست پلتی اور بڑھتی تھی۔ 

سنجے لیلیٰ بھنسالی نے ’ہیرا منڈی‘ کو مشکل ترین منصوبہ بھی قرار دیا، تاہم ساتھ ہی امید ظاہر کی کہ وہ اسے توقعات کے مطابق پورا کریں گے۔