کھیل

پی ایس ایل 9 ترانہ، علی ظفر کی پولنگ معمہ بن گئی

گلوکار کا ماضی ترقی کی رکاوٹ بن گیا

Share: Next Story >>>

پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر مبینہ طور پر ماضی میں ہراساں کیے جانے کے الزامات کی وجہ سے اس سال پی ایس ایل سیزن 9 کے اینتھم سے ہاتھ دھوبیٹھے۔

چند دن قبل گلوکار علی ظفر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پرپوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے پاکستان سپر لیگ 9 کے ترانے کیلئے پولنگ کرائی۔

گلوکار نے ایکس پر جاری بیان میں مداحوں کے سامنے دو آپشن رکھتے ہوئے لکھا کہ،’کیا آپ کو لگتا ہے کہ اگر میں نے اس سال پی ایس ایل کا ترانہ گایا تو اس سے پاکستان سپر لیگ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے برانڈ کا امیج بڑھے گا؟ لوگوں سے تعلق گہرا ہوگا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو زیادہ مالی فائدہ پہنچے گا؟’

علی ظفر نے پولنگ کرانے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ،’میں اس ووٹنگ سے صرف یہ دیکھنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے لوگ کیا سوچتے ہیں اور ان کی خواہشات کیا ہیں بمقابلہ اثر و رسوخ یا طاقت کے عہدوں پر فائز چند افراد’۔

اداکار کے پی ایس ایل سیزن 9 کے ترانے کیلئے جہاں کئی صارفین نے پولنگ کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کیا وہیں اس پولنگ کے پیچھے کی حقیقت عیاں ہوگئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کھیلوں کے صحافی اور اینکر پرسن قادر خواجہ نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا اور لکھا کہ،’علی ظفر کے بارے میں خبر سامنے آئی ہے کہ جب انکا نام فائنل ہوا تو تین فرنچائزز نے اعتراض اٹھایا۔ لاہور قلندرز نے کراچی کرکٹ بورڈ کی سابق ڈائریکٹر مارکیٹنگ نائلہ بھٹی صاحبہ سے ڈائریکٹ تحفظات کا اظہار کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز نے بھی کہا کہ علی ظفر پر ہراساں کرنے کا الزام ہے اس وجہ سے پی ایس ایل کو لوگ سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنائیں گے۔’

انہوں نے مزید لکھا کہ،’ صہیب شیخ اور علی ظفر کی دوستی ہے جس وجہ سے صہیب شیخ نے علی ظفر صاحب کو ٹویٹر پول کروانے کا کہا.لیکن چئیرمین صاحب نے منع کردیا.۔’

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں برس پی ایس ایل 9 کیلئے علی ظفر کی آواز میں ترانہ ریکارڈ کرانے کا پلان بنایا تھا ، لیگ کے ایک اعلیٰ افسران اور گلوکار کے درمیان کمٹمنٹ کے بعد علی ظفر نے 3 گانے بنائے جس میں سے ایک منتخب بھی ہو گیا،البتہ بات جب پی ایس ایل فرنچائزز تک پہنچی تو ایک خاتون آفیشل نے اعتراض اٹھا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ2018 میں علی ظفر پر ساتھی گلوکارہ میشا شفیع کے ہراسگی کے الزام کی وجہ سے علی ظفر کو لیگ سے منسلک کرنا درست نہیں اس سے ساکھ متاثر ہو گی۔

یہی وجہ ہے کہ اس بات کو جواز بنا کر بورڈ نے علی ظفر کو پروجیکٹ سونپنے کا ارادہ تبدیل کر دیا۔اسی سلسلے میں گلوکار نے اس صورتحال سے ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر پول کرایا۔