انڈیا

ایک ساتھ بیمار پڑنے والے 25 ملازمین نوکری سے برطرفی کے بعد بحال

ملازمین ایئرلائن کے امتیازی سلوک کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

Web Desk

ایک ساتھ بیمار پڑنے والے 25 ملازمین نوکری سے برطرفی کے بعد بحال

ملازمین ایئرلائن کے امتیازی سلوک کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔

ملازمین کے احتجاج سے فلائٹ آپریشن بڑے پیمانے پر متاثر ہوا۔
ملازمین کے احتجاج سے فلائٹ آپریشن بڑے پیمانے پر متاثر ہوا۔

سیکڑوں ملازمین کے ایک ساتھ بیماری کی چھٹی لینے پر بھارتی ایئرلائن نے25 ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کے بعد بحال کردیا۔

بھارتی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس کے تقریبا 300 ملازمین نے ایک ہی دن بیماری کی چھٹی لے کر فون بند کردیے تھے۔

جس کے باعث ایئرلائن کا فلائٹ آپریشن بڑے پیمانے پر متاثر ہوا تھا اور اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک جانے والی 86 پروازیں منسوخ ہوگئی تھیں۔

چنانچہ انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کو الٹی میٹم دیا گیا تھا کہ جمعرات کی شام 4 بجے تک کام پر واپس آئیں ورنہ محکمانہ کارروائی کے لیے تیار رہیں۔

ایئرلائن کی جانب سے ملازمین کو نوکری سے برخاست کرنے کے مراسلے میں تحریرتھا کہ بڑے پیمانے پر چھٹی ’واضح طور پر سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت لی گئی جس کی کوئی خاص وجہ نہیں بن رہی۔‘

جس کے بعد ایئرلائن نے 25 ملازمین کو نوکری سے برطرف کردیا تھا۔

تاہم 9مئی کو لیبر کمشنر کے دفتر میں ایئرلائن انتظامیہ اور ملازمین کی نمائندگی کرنےوالوں کے درمیان بات چیت کے بعد ملازمین کو بحال کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس کے ملازمین ملازمت کی نئی شرائط اور ایئرلائن کے امتیازی رویے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

ملازمین کے مطابق کیبن کریو کے کچھ ارکان کو سینیئر لیول کی نوکری کے انٹرویوز پاس کرنے کے باوجود کم درجے کی نوکری دی گئی جبکہ تنخواہوں کے پیکج میں کی گئی ترامیم پر بھی ملازمین کو تحفظات تھے۔

ایئر انڈیا کو حال ہی میں ٹاٹا گروپ نے خریدا ہے اور ایئرلائن کو دوبارہ معمول پر لانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی ایئر انڈیا ایکسپریس کے عملے نے ایئرلائن پر ملازمین کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک اور بدانتظامی کا الزام عائد کیا تھا۔

تازہ ترین