کھیل

پی ایس ایل9، ترانے کیلئے علی ظفر اور آئمہ بیگ چُن لیے گئے

Web Desk

پی ایس ایل9، ترانے کیلئے علی ظفر اور آئمہ بیگ چُن لیے گئے

پی ایس ایل9، ترانے کیلئے علی ظفر اور آئمہ بیگ چُن لیے گئے

پاکستانی گلوکارہ آئمہ بیگ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9ویں ایڈیشن کا ترانہ گلوکار علی ظفر کے ساتھ گانے کا اعلان کردیا۔

پی ایس ایل 9 کے ٹورنامنٹ کا آغاز 17 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا جبکہ افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

ٹورنامنٹ کے شیڈول جاری ہونے کے ساتھ ہی اس کے اینتھم کے حوالے سے روز ایک نئی خبر سامنے آئی جس کے مطابق کبھی علی ظفر کا نام ترانے کیلئے دیا گیا تو کبھی ان سے یہ موقع چھین لیا گیا۔

علی ظفر کو پی ایس ایل 9 کے ترانے کو گانے کیلئے چننے کے بعد ماضی میں میشا شفیع کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے سبب گانا گانے سے روک دیا گیا۔

اس فیصلے کے ردِعمل میں علی ظفر اور پی ایس ایل کے فینز نے سوشل میڈیا پر شدید احتجاج کیا اور فیصلے کو سراسر غلط قرار دیا۔

اب اس حوالے سے ایک اہم خبر 'بہترین' نامی انسٹاگرام پیج پر جاری کی گئی جس میں تحریر ہے کہ ان کے ذرائع کے مطابق علی ظفر اور آئمہ بیگ پی ایس ایل 9 کا ترانہ گائیں گے'۔

اس خبر کی تصدیق خود آئمہ بیگ نے کرتے ہوئے اس پوسٹ کو اپنی اسٹوری پر ری شیئر کیا جس نے علی ظفر کے مداحوں کو خوشی سے ناچنے پر مجبور کردیا۔

پی ایس ایل9، ترانے کیلئے علی ظفر اور آئمہ بیگ چُن لیے گئے

خیال رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ابتدائی تینوں سیزنز کے ترانے علی ظفر نے گائے تھے لیکن 2018 میں ان پر ساتھی گلوکارہ میشا شفیع نے ہراسگی کا الزام لگایا جس کے بعد انہیں پی ایس ایل کے اگلے تمام ایڈیشنز کے ترانے گانے کا موقع نہیں دیا گیا۔

علی ظفر کی طرح آئمہ بیگ بھی اس سے قبل پی ایس ایل کے ترانے گا چکی ہیں۔ انہوں نے پی ایس ایل  کے سیزن 6 کا ترانہ 'گروو میرا' نصیبو لال اور ایک میوزک مینڈ ینگ سٹنرز کے ساتھ گایا جبکہ ساتویں ایڈیشن کے ترانے میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

 واضح رہے کہ آئمہ کے پوسٹ کے بعد اب مداح علی ظفر کی جانب سے اس خبر کی تصدیق ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔

تازہ ترین