ٹیکنالوجی

ٹیسلا گاڑیوں کی ڈیمانڈ میں کمی، کمپنی ملازمین کی برطرفیوں میں اضافہ

کمپنی کا ہدف افرادی قوت میں 10 فیصد کمی ہے۔

Web Desk

ٹیسلا گاڑیوں کی ڈیمانڈ میں کمی، کمپنی ملازمین کی برطرفیوں میں اضافہ

کمپنی کا ہدف افرادی قوت میں 10 فیصد کمی ہے۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

سوشل پلیٹ فارم 'ایکس' کے مالک ایلون مسک کی کمپنی 'ٹیسلا' نے اپنی افرادی قوت میں کمی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، یہ کمپنی میں ملازمتوں سے برطرفی کا لگاتار چوتھا ہفتہ ہے۔

ایک ہفتہ قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ایلون مسک نے ٹیسلا کے 2 سینیئر ایگزیکٹوز کو فارغ کر دیا ہے جبکہ سیکڑوں دیگر ملازمین کا بھی نوکریوں سے محروم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

جن ملازمین کو برطرف کیا گیا تھا ان میں سے ایک ریبیکا ٹینوکی تھیں جو ٹیسلا کے سپرچارجر بزنس کی سینئر ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہی تھیں، برطرف ہونے والے دوسرے ملازم نئی گاڑیوں کے پروگرام کے سربراہ ڈینیل ہو تھے۔

اب کمپنی نے مزید ملازمین کو برطرفی کے نوٹس بھیج دیے ہیں، بہت سے ملازمین نے 'لنکڈ ان' پر اس کی تصدیق کی ہے اور اُنہیں موصول ہونے والی میل کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔

ایلون مسک نے 14 اپریل کو اعلان کیا تھا کہ ملازمین کو سونپی گئی ذمہ داریوں میں 'اوور لیپنگ' کی وجہ سے کمپنی اپنی افرادی قوت میں 10 فیصد سے زیادہ کمی کرے گی۔

اس اعلان کے بعد تیزی سے چھانٹیوں کا سلسلہ شروع ہوا جس سے کمپنی کے مختلف ڈپارٹمنٹس بشمول ریکروٹمنٹ ڈپارٹمنٹ، مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ اور سپرچارجنگ ٹیم متاثر ہوئی۔

ان برطرفیوں کی اطلاعات ایسے وقت میں سامنے آرہی ہیں جب ٹیسلا کی الیکٹرک گاڑیوں کی مانگ میں کمی ہوئی ہے، اپریل میں فروخت شدہ گاڑیوں کی ڈیلیوری متوقع تعداد سے کم ہونے اِس کا ثبوت ہے۔

برطرفیاں شروع ہونے سے قبل دنیا بھر میں ٹیسلا کے ملازمین کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار تھی، تازہ اطلاعات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ کیلیفورنیا اور ٹیکساس میں ٹیسلا کے ہزاروں ملازمین کو برطرف کیا جاچکا ہے۔

تازہ ترین