پاکستان

شیر افضل مروت 'جھوٹی خبروں' سے پریشان، نصرت جاوید کو آڑے ہاتھوں لے لیا

صحافی کا دعویٰ تھا کہ شیر افضل سعودی سفیر سے ملنا چاہتے ہیں۔

Web Desk

شیر افضل مروت 'جھوٹی خبروں' سے پریشان، نصرت جاوید کو آڑے ہاتھوں لے لیا

صحافی کا دعویٰ تھا کہ شیر افضل سعودی سفیر سے ملنا چاہتے ہیں۔

رہنما پاکستان تحریکِ انصاف شیر افضل مروت اپنے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلانے والوں سے پریشان نظر آرہے ہیں۔

حالیہ کچھ عرصے سے پارٹی کے ساتھ شیر افضل مروت کے اختلافات کی خبریں گرم ہیں، اُن کی جانب سے عمران خان کی حکومت کے خاتمے میں سعودی عرب کے کردار کے الزام کے بعد شیر افضل مروت کو شدید تنقید کا سامنا ہے، پی ٹی آئی بھی ان کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کر چکی ہے۔

چند میڈیا گروپس کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا جاچکا ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کی پولیٹکل کمیٹی سے نکالا جا چکا ہے، شیر افضل نے اس کی تردید کی ہے تاہم اُن کے بارے میں ایسی خبروں کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

گزشتہ روز سینیئر صحافی نصرت جاوید کے ٹی وی پروگرام میں اینکر پرسن عدنان حیدر نے دعویٰ کیا کہ شیر افضل مروت نے 3 بار سعودی سفیر سے ملاقات کی درخواست کی لیکن سعودی سفیر نے مصروفیات کے باعث ملاقات سے معذرت کر لی کیونکہ وہ سعودی وفد کی آمد کے باعث مصروف تھے۔

نصرت جاوید نے اِس پروگرام کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ سفارتی حلقوں کا دعویٰ ہے کہ شیر افضل مروت اپنی پوزیشن واضح کرنے کے لیے سعودی سفیر سے ملنا چاہتے ہیں۔

اِس دعوے کی تردید کرتے ہوئے شیر افضل نے نصرت جاوید اور پروگرام اینکر کو آڑھے ہاتھوں لے لیا، انہوں نے اپنے 'ایکس' اکاؤنٹ پر لکھا کہ 'ساری سیاست اور آج کی صحافت جھوٹ پر چلتی ہے'۔

(فوٹو: ایکس/شیر افضل مروت)
(فوٹو: ایکس/شیر افضل مروت)

شیر افضل مروت نے لکھا کہ 'میں نے ساتھیوں اور صحافیوں سے اپنے بارے میں اتنے جھوٹ سن رکھے ہیں کہ اگر مجھے کہا جائے کہ میں نواز شریف، بھارتی سفیر اور امریکی سفیر سے ملا ہوں تو کوئی تعجب کی بات نہیں ہوگی، اس قسم کے من گھڑت جھوٹ سے متعلقہ لوگ اختلاف کا بیج بو رہے ہیں'۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ 'ایک بے شرم صحافی اپنے شو میں بتا رہا تھا کہ میں نے سعودی سفیر سے ملنے کی کوشش کی، عمران خان کو اس طرح کے جھوٹ سے آگاہ کیا گیا ہے جس کا مقصد بداعتمادی پیدا کرنا تھا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میں ذلت آمیز زندگی پر باوقار موت کو ترجیح دوں گا، جو دوست میرے لیے انصاف کی اپیل کر رہے ہیں اُن سے گزارش ہے کہ اسے بند کر دیں، میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا جس کی مجھے وضاحت کرنی پڑے'۔

شیر افضل مروت نے لکھا کہ 'میں ایسے سیاست دانوں اور صحافیوں کی مذمت کرتا ہوں جو اپنے مذموم مقاصد کے لیے کہانیاں گھڑنے میں اتنے گرے ہوئے ہیں'۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے پیغام دیا کہ 'مسٹر نصرت جاوید اور نامعلوم صحافی! اگر آپ نے پارٹی میں میرے حریفوں کی طرف سے میرے خلاف پروپیگنڈہ کے طور پر پھیلایا ہے تو خدا آپ کے پورے خاندان کو برباد کرے اور اگر میں نے کبھی سعودی سفارت خانے میں کسی سے ملنے کی کوشش کی تو خدا مجھے تباہ کرے'۔

تازہ ترین